ریلوے کی تین مین لائنز کواپ گریڈ کرنے کے ماسٹر پلان پر تیزی سے کام جاری ہے، سی پیک کے تحت نئی لائنز بھی بچھائی جائیں گی،وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا جی سی یو میں خطاب

جمعہ 11 نومبر 2016 21:40

ریلوے کی تین مین لائنز کواپ گریڈ کرنے کے ماسٹر پلان پر تیزی سے کام جاری ..
لاہور۔11 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا رہے ہیں اور اسے دیگر علاقوں تک پہنچانے کے لئے انفرا سٹرکچر میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزگورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورمیں شعبہ سیاسیات اور چائنہ سٹڈیز سینٹر کے زیرِ اہتمام منعقدہ’’ انٹر علاقائی روابط:جنوبی ایشیاء اور وسطی ایشیاء‘‘ کے موضوع پرتین روزہ عالمی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ،کانفرنس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ،چائنہ ،روس، جرمنی،نیپال،تاجکستان،ازبکستان،برطانیہ اور امریکہ سمیت 18ممالک کے ماہرین موجود تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کانفرنس میں مقالے پیش کرنے والوں کو اعزازی اسناد اور شیلڈز پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ انٹر علاقائی روابط کے ماسٹر پلان کے تحت پاکستان ریلویز کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

2013ء میں پاکستان ریلوے شدید بحران کا شکار تھی لیکن اب اس کی آمدنی رواں سال کے آخر تک 18بلین سے بڑھ کر 36.5بلین روپے ہو گی۔ ریلوے کی تین مین لائنز کواپ گریڈ کرنے کے ماسٹر پلان پر تیزی سے کام ہو رہا ہے جبکہ سی پیک کے تحت نئی لائنز بھی بچھائی جائیں گی۔ان کا کہنا ہے کہ لاہور کراچی سیگمنٹ کی اپ گریڈیشن کے لیئے چینی حکومت سے 5.7بلین ڈالرز کا معاہدہ سائن کر رہے ہیں، جبکہ پشاور لاہور کی اپ گریڈیشن کے لیئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک سی2.5بلین ڈالرکی مالی امداد کا معاہدہ کیا جا رہا ہے۔

اس اپ گریڈیشن سے اس ٹریک پر مسافر گاڑی کی رفتا ر 105کلومیٹر سے بڑھ کر160کلو میٹر ہو جائے گی۔ حیدر آباد اٹک ،کوئٹہ گوادر اور پشاور جلال آباد کی ریلوے لائنوں پر بھی فزیبلیٹی رپورٹس پر کام کیا جا رہا ہے۔ موجود ہ حکومت کا وژن ہے کہ پاکستان کے ذریعے براستہ ایران اور ترکی یورپ تک تجارت کو یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں تقریب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ اور کانفرنس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ نے بھی خطاب کیا۔