جدید مشینوں کی خریداری کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم منصوبے کی رپورٹ 15دِنوں میں پیش کریں،خواجہ سعد رفیق کی ریلوے حکام کو ہدایت

جمعہ 11 نومبر 2016 20:56

لاہور۔11 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ریلوے حکام کو جدید مشینوں کی خریداری کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبے کے حوالے سے رپورٹ آئندہ 15دِنوں میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی، جدید مشینری کو آپریٹ کرنے کے لیے جن ممالک سے مشینیں منگوائی جائیں وہیں سے ماسٹر ٹرینر ز کوپاکستانی ٹیکنیکل سٹاف کی ٹریننگ کیلئے بلوایا جائے اورضرورت پڑنے پر ہمارے ٹیکنیکل سٹاف کو بھی ٹریننگ کیلئے بیرون ممالک بھیجا جائے ۔

وہ ریلوے ہیڈکوارٹر ز آفس میں ٹریک مینٹیننس کے لیے منگوائی گئی بیلسٹ کلیننگ اور ٹیمپنگ مشینوں کی کارکردگی اور اِن مشینوں کی اب تک ہونے والی دیکھ بھال اور مرمت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ٹریک کو محفوظ بنانے کی غرض سے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ مشینوں کو پاکستان میں دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق استعمال میں لانے اور اِن مشینوں کیلئے ٹیکنیکل سٹاف کی بھرتی اور اُن کی ٹریننگ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے نے کہا کہ مزید جدید مشینوں کی خریداری کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبے کے حوالے سے رپورٹ آئندہ 15دِنوں میں پیش کی جائے۔ جدید مشینری کو آپریٹ کرنے کے لیے جن ممالک سے مشینیں منگوائی جائیں وہیں سے ماسٹر ٹرینر ز کوپاکستانی ٹیکنیکل سٹاف کی ٹریننگ کیلئے بلوایا جائے اورضرورت پڑنے پر ہمارے ٹیکنیکل سٹاف کو بھی ٹریننگ کیلئے بیرون ممالک بھیجا جائے ۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مینٹیننس اور فیلڈ ٹریننگ کو ایک نظام کے تحت لے کر چلنا ہوگا۔ صرف کوالیفائیڈ سٹاف ہی اِن مشینوں کو آپریٹ کرے تاکہ اِن مشینوں کی لائف میں اضافہ ہوسکے۔انفراسٹرکچر کی حفاظت اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ چیکنگ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبر فنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، چیف انجینئر اوپن لائن بشارت وحید، منیجنگ ڈائریکٹر ریل کاپ عامر نثار چوہدری، پراجیکٹ ڈائریکٹر ریل کاپ ساجد بشیر راجہ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر سٹیشنزفرخ تیمور غلزئی سمیت ریلوے کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :