ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری، پہلی بار وائٹ ہائو س کے باہر تمام لائٹس بند، مختلف شہروں میں60 سے زائد مظاہرین گرفتار ،وائٹ ہائوس کے عملے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل،چہروں پرمایوسی اور غم وغصہ دیکھا جاسکتا ہی

جمعہ 11 نومبر 2016 20:04

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، وائٹ ہاس کے باہر پہلی بار لائٹس بند کردی گئیں جبکہ مختلف شہروں میں60 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا،سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں وائٹ ہائوس کے عملے کے چہروں پر بھی اداسی اور غم وغصہ دیکھا جاسکتا ہے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہوتے ہی امریکا کی مختلف ریاستوں میں شروع ہونے والے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، واشنگٹن، اوک لینڈ، شکاگو، لاس اینجلس، سان فرانسسکو، ڈینور بوسٹن ، برکلے سمیت دیگر شہروں میں مظاہرین ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف سڑکوں پر ہیں۔مختلف شہروں میں مظاہرین ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف میرا صدر نہیں کے نعرے لگا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاس کے باہر پہلی بار لائٹس بند کردی گئیں، وائٹ ہاس کے سامنے مظاہر ہ کرنے والوں کا کہنا تھا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر نہیں مانتے۔نیویارک میں ہزاروں مظاہرین ٹرمپ ٹاور کے گرد جمع ہوئے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف شدید نعرے بازی کی، اسی طرح ہی مین ہیٹن میں ٹرمپ ٹاور کے باہر ایک ہزار کے قریب افراد نے جمع ہوکر ٹرمپ کی بنائی گئی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔

سان فرانسسکو میں طلبا نے ٹرمپ کے خلاف احتجاج کیا اور ٹرمپ کا پتلا نذر آتش کیا۔کیلی فورنیا میں ہائی اسکول اور کالجوں کے طلبہ نے کلاسوں سے احتجاجا واک آوٹ کیا اور سکول کے باہر مظاہرہ کیا، لاس اینجلس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکلی اور سٹی ہال کے سامنے مظاہرہ کیا۔ریاست آکلینڈ میں بھی 70سے 80مظاہرین نے جمع ہوکر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کیا۔

گذشتہ روز امریکی صدر باراک اوباما اور نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں انتظامی، خارجہ اور داخلی امور پر بات چیت ہوئی،ٹرمپ نے اوباما کو ساتھ مل کر کام کرنے کی پیشکش کی جس پر اوباما نے ٹرمپ کو اپنی ٹیم کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔یاد رہے کہ امریکی صدر اوبامہ نے اپنی ٹیم کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نو منتخب صدر کو اقتدار کی پر امن منتقلی یقینی بنائی جائے، انتخابات جیتنے کے بعد جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے تمام لوگوں کو ساتھ لیکر چلنے کی بات کی ہے، اس سے انہیں حوصلہ ہوا ہے اور یوں سارا ملک بطور صدر مسٹر ٹرمپ کی کامیابی کے یے بھرپور کوشش کرے گا۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر اوباما سے ملاقات کیلئے وائٹ ہائوس کے دورے کے موقع پر لی گئی وائٹ ہائوس کے عملے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائر ل ہوگئی ہیں جن میں وائٹ ہائوس کے عملے کے چہروں پر مایوسی اور غم وغصے کی لہر کو واضح طورپر دیکھا جاسکتا ہے ۔