گورنر ہاؤس سندھ سے دہشت گردی کی آخری علامت کا بھی خاتمہ ہوگیا، نہال ہاشمی

سعید الزماں صدیقی بطور گورنر سندھ کی ترقی میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینٹر نہال ہاشمی کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 11 نومبر 2016 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ14 سال پہلے بانی ایم کیوایم کی جانب سے دہشت گرد تنظیم کا نمائندہ گورنرہاؤس بھیجا گیا لیکن ا گورنر ہاؤس سے دہشت گردی کی آخری علامت کا بھی خاتمہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

گورنر ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سینٹر نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ نئے گورنر کا ماضی بے داغ ہے، جسٹس (ر) سعید الزماں اصولی انسان ہیں اور ان کا ماضی بے داغ ہے، نئے گورنر کے آنے سے نہ صرف صوبے کو پرامن بنانے میں مدد ملے گی بلکہ سعید الزماں صدیقی بطور گورنر سندھ کی ترقی میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف لوگوں نے پرویز مشرف دور میں گورنر ہاؤس میں ڈیرہ ڈالا تھا لیکن آج نوازشریف کے چاہنے والے گورنر ہاؤس میں ہیں، 14 سال پہلے بانی ایم کیوایم کی جانب سے دہشت گرد تنظیم کا نمایندہ گورنرہاؤس بھیجا گیا، آج جمہوریت اورآئین کی پاسداری کی صحیح علامت گورنرہاؤس میں ہے، آج گورنرہاؤس سے پاکستان کونہ ماننے والوں اور دہشت گردی کی آخری علامت کا بھی خاتمہ ہوگیا۔