پاکستان کا لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پربھارتی اشتعال انگیزیوں پر تشویش کا اظہار

بھارتی جارحیت خطے میں قیام امن کیلئے خطرہ ہے، سول آبادی پر بھارتی افواج کی مسلسل بلااشتعال فائرنگ تشویش ناک اور2003کے سیز فائر معاہدے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ،بھارت نے 13 نومبر کو ورکنگ بانڈری پر بھاری توپ خانے کا استعمال کیا جو افسو س ناک ہے ، پاکستان اور بھارت کے لئے اقوام متحدہ کا ملٹری آبزورگروپ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر امن کو برقراررکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے ،بھاری فورسز کی فائرنگ سے ابتک 26 شہری شہید اور 107 زخمی ہوچکے ہیں سیکرٹری خارجہ اعزازچوہدری کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبران کو بھارتی اشتعال انگیزیوں بارے بریفنگ

جمعہ 11 نومبر 2016 19:41

پاکستان کا لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پربھارتی اشتعال انگیزیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) سیکرٹری خارجہ اعزازچوہدری نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پربھارتی اشتعال انگیزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی افواج کی سرحدوں پر مسلسل بلااشتعال فائرنگ تشویش ناک اور2003کے سیز فائر معاہدے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ،لائن آف کنٹرول پر شاہکوٹ اور جورا سیکٹر پر 9نومبرکو آرٹلری کے استعمال افسو س ناک ہے ، بھارت کی جانب سے 13سال کے وقفے کے بعد بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ہے، پاکستان اور بھارت کے لئے اقوام متحدہ کا ملٹری آبزورگروپ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر امن کو برقراررکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اقوام متحدہ کے پانچ مستقل ممبران چین ، فرانس ، روس ، برطانیہ اور امریکہ کو لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی افواج کی مسلسل بلااشتعال فائرنگ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خارجہ نے بھارتی فوج کی جانب سے بڑھتی ہوئی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں 26سویلین شہید ہو چکے ہیں اور 107زخمی ہو چکے ہیں ۔

بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی پر فائرنگ 2003کے سیز فائر معاہدے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ سیکرٹری خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر شاہکوٹ اور جورا سیکٹر پر 9نومبرکو آرٹلری کے استعمال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا بھارت کی جانب سے 13سال کے وقفے کے بعد بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ہے۔پاکستان صبر سے کام لے رہا ہے لیکن پاکستان کو جواب دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔

بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں کی وجہ سے خطے کے امن اور سلامتی کو سنگین خطرہ ہے اس سے خطے کا اسٹریٹجک توازن متا ثرہوسکتا ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ کے ملٹری آبزورگروپ پر زوردیا کہ وہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر امن کو برقراررکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے پاکستان اور بھارت کے لئے ملٹری آبزورگروپ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے لیکن بھارت حد سے تجاوز کر رہا ہے اور تعاون بھی نہیں کر رہا ۔

بریفنگ کے دوران ملٹری آپریشن ڈائریکٹریٹ نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر موجودہ صورتحال پر تفصیل سے بریفنگ دی ۔اس موقع پر سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان کے خدشات سے اپنے ممالک کی حکومتوں کو آگاہ کریں گے۔ سفیروں نے موجودہ صورتحال میںسیز فائر لائن پر امن برقرار رکھنے کے لئے صبر کا مظاہرہ کرنے پر زوردیا اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیا۔ ( وخ+م ن)