مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کیلئے 9 ارب 39 کروڑ 63 لاکھ 80ہزار روپے کی منظوری

جمعہ 11 نومبر 2016 19:33

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء)حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2016-17 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 29 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 5 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 9 ارب 39 کروڑ 63لاکھ 80ہزار روپے کی منظوری دی ۔ صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی پنجاب محمد جہانزیب نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی ورکنگ پارٹی کے 29 ویں اجلاس میں جن 5 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کی منظوری دی گئی ان میںاریگیشن سیکٹر کی سکیم طیب ڈرین کی توسیع و ری ماڈلنگ کیلئے 1 ارب 32 کروڑ 43 لاکھ 65 ہزار روپے، کاس عمر خان کینال سسٹم کی تعمیر کے ضمن میں فزیبلٹی سٹڈی (پی سی II) کیلئے 12 کروڑ 26 لاکھ 87 ہزار روپے، پنجاب اریگیٹڈ ایگریکلچر انوسٹمنٹ پروگرام کے پراجیکٹ کی تیاری (پی سی II) (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 22 کروڑ 10 لاکھ روپے، ڈگ نالہ کی چینلائزیشن کیلئے 3 ارب 44 کروڑ 28 لاکھ 54 ہزار روپے اور روڈ سیکٹر کی سکیم شیخوپورہ مین روڈکی کشادگی و بہتری کیلئے 3 ارب 28 کروڑ 54لاکھ 74 ہزار روپے شامل ہیں۔