بجلی کی تنصیبات مثلاًً ٹرانسفارمرز کے نیچے اور بجلی کے کھمبوں کے قریب تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں ‘واجد علی کاظمی

بجلی کے نظام کے حوالے سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قریبی سب ڈویژن یا لیسکو کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے‘چیف ایگزیکٹو لیسکو

جمعہ 11 نومبر 2016 19:31

بجلی کی تنصیبات مثلاًً ٹرانسفارمرز کے نیچے اور بجلی کے کھمبوں کے قریب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) چیف ایگزیکٹو لیسکو واجد علی کاظمی کی جانب سے موسم سرما کے دوران لیسکو کے ترسیلی نظام کو مکمل بحال کرنے اور اس میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے لئے ایک اور انقلابی قدم کا آغاز کیا ہے۔لیسکو چیف نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما کے دوران ترسیلی نظام میں بہتری لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، تاکہ آنے والے موسم گر ما میں صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس سلسلہ میں لیسکو کے سات سرکلز میں مجموعی طور پر 200kvاستعدادکے 350ٹرانسفارمرز فراہم کئے گئے ہیں، یعنی ہر سرکل کو 50ٹرانسفارمر ز مہیا کئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹولیسکونے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں بجلی کی طلب کے بہت زیادہ بڑھ جانے اور گرم موسم کی شدت کے پیشِ نظر صارفین کو بجلی تسلسل کے ساتھ مہیاکرناہماری ترجیح ہوگی اور ایسے موسم میں مرمتی کاموں اور تعمیراتی کاموں کے لیے بجلی زیادہ بندکرنا مناسب نہ ہوگا لہٰذا یہ فیصلہ کیاگیاہے کہ مرمتی او راصلاحی کاموں کو تفصیل کے ساتھ موسم سرمامیں ہی مکمل کیاجائے تاکہ آئندہ آنے والے موسم گرما میں صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جاسکے۔

(جاری ہے)

لیسکوکا بجلی کی ترسیل کا نظام جہاں جہاںبھی سابقہ گرمیوںمیںاوورلوڈپایاگیاتھا وہاںسسٹم میں نئے ٹرانسفارمرزشامل کرکے لوڈ کو تقسیم کیاجائے گا تاکہ بجلی کے ترسیلی نظام کو آئندہ گرمیوں میںتسلسل دیاجاسکے۔سسٹم میں ایسے تمام مقامات جہاںٹرانسفارمرز کی استعداد کم ہے مثلاً100-Kvaکا ٹرانسفارمرنصب ہے اور صارفین بجلی کی ضرورت زیادہ ہے وہاں کے ٹرانسفارمرکو بڑے ٹرانسفارمر یعنی200-Kvaسے تبدیل کیاجائے گاتاکہ آئندہ گرمیوںمیں ممکنہ مشکلات سے نمٹا جاسکے۔

لیسکو کی حدود میں ترسیلی نظام کی درستگی اوراس میں بہتری لانے کے لئے H.Tاور L.T لائنوں کا جائزہ لے کر ان میں پائی جانے والی خامیوں کا فوری حل کیا جائے گا اور ایسے علاقے جہاں بجلی کی تاریںخستہ حالت یا غیر مناسب حالت میں ہوں جس سے نقصان کا اندیشہ ہوان کو فوری طور پر درست کر کے عوام الناس کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا۔مزید برآں سڑکوں کے کناروں اور ایسے علاقے جہاں بجلی کی لائنوں کے ساتھ درخت موجود ہیں جس سے ترسیلی نظام میں رکاوٹ یا ٹرپنگ کا اندیشہ ہووہاں درختوں کی ٹرمنگ بھی کی جائے گی، اور کومبنگ آپریشن کے دوران جہاں بجلی کے پول ٹیرھے ہیںیا اُنکی پوزیشن کسی گاڑی وغیرہ کے ٹکرانے سے خراب ہوگئی ہے اُن ٹیرھے اور خراب کھمبوں کو درست کرنے کے ساتھ جہاں ضرورت ہو ان کو تبدیل بھی کیا جائے گا۔

زائد المیعاد اور بوسیدہ میٹریل کو بھی تبدیل کیاجائے گا تاکہ بجلی کے ترسیلی نظام میں تعطل پیدا نہ ہو سکے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کی جانب سے عوام الناس کو آگاہ کیا جائے گا کہ بجلی کی تنصیبات مثلاًً ٹرانسفارمرز کے نیچے اور بجلی کے کھمبوں کے قریب تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں اور بجلی کے نظام کے حوالے سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قریبی سب ڈویژن یا لیسکو کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں تاکہ بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :