محکمہ سپیشل ایجوکیشن خصوصی افراد کو 60 مختلف فنی مہارت کے کورسز کروائے گا ‘آصف سعید منہیس

جمعہ 11 نومبر 2016 19:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء)خصوصی افراد کے لئے تمام سرکاری نیم سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے - یہ بات صوبائی وزیر برائے سپیشل ایجوکیشن آصف سعید منہیس نے ڈائریکٹوریٹ آف سپیشل ایجوکیشن میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - اس موقع پر سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن عنبرین رضا ،ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن فاضل چیمہ ، ڈائریکٹر ٹیوٹا آسیہ شاہد ،پی اینڈ ڈبلیو محکمہ سوشل ویلفیئر ، سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ، سوشل پروٹیکشن کونسل کے افسران سمیت لبارڈ اور این جی اوز کے اراکین بھی موجود تھے -آصف سعید منہیس نے کہا کہ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس پنجاب میں تمام تعمیر ہونے والی عمارتوں میں خصوصی افراد کے لئے پارکنگ، ریمپس اور واش رومز بنائے جائیں تاکہ خصوصی افراد کو نقل و حمل میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو- انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو ہنر مند بنانے کے لئے مختلف سکلڈ ٹریننگ پروگرامشروع کروائے جا رہے ہیں تاکہ وہ مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کر کے معاشرے میں اپنے لئے مناسب روزگار حاصل کر سکیں -آصف سعید نے کہا کہ خصوصی افراد میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ان کو مناسب ٹریننگ اور ورکنگ انوائرمنٹ فراہم کر کے معاشرے کا فعال حصہ بنایا جا سکتا ہے - انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی افراد کے لئے ایک کارڈ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے ذریعے رجسٹرڈ شدہ معذور افراد کو ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا -