وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ٹریک مینٹیننس کیلئے منگوائی گئی مشینوں کی مرمت کے حوالے سے اجلاس

مینٹیننس ،فیلڈ ٹریننگ کو ایک نظام کے تحت لیکر چلنا ہوگا، مشینوں کی لائف میں اضافے کیلئے صرف کوالیفائیڈ سٹاف ہی انہیں آپریٹ کرے ،انفراسٹرکچر کی حفاظت ، جدید ٹیکنالوجی کیساتھ چیکنگ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘اجلاس سے خطاب

جمعہ 11 نومبر 2016 19:31

وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ٹریک مینٹیننس کیلئے منگوائی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ریلوے ہیڈکوارٹر ز آفس میں ٹریک مینٹیننس کے لیے منگوائی گئی بیلسٹ کلیننگ اور ٹیمپنگ مشینوں کی کارکردگی اور اِن مشینوں کی اب تک ہونے والی دیکھ بھال اور مرمت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ٹریک کو محفوظ بنانے کی غرض سے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ مشینوں کو پاکستان میں دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق استعمال میں لانے اور اِن مشینوں کیلئے ٹیکنیکل سٹاف کی بھرتی اور اُن کی ٹریننگ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ مزید جدید مشینوں کی خریداری کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبے کے حوالے سے رپورٹ آئندہ 15دِنوں میں پیش کی جائے۔ جدید مشینری کو آپریٹ کرنے کے لیے جن ممالک سے مشینیں منگوائی جائیں وہیں سے ماسٹر ٹرینر ز کوپاکستانی ٹیکنیکل سٹاف کی ٹریننگ کیلئے بلوایا جائے اورضرورت پڑنے پر ہمارے ٹیکنیکل سٹاف کو بھی ٹریننگ کیلئے بیرون ممالک بھیجا جائے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ مینٹیننس اور فیلڈ ٹریننگ کو ایک نظام کے تحت لے کر چلنا ہوگا۔ صرف کوالیفائیڈ سٹاف ہی اِن مشینوں کو آپریٹ کرے تاکہ اِن مشینوں کی لائف میں اضافہ ہوسکے۔انفراسٹرکچر کی حفاظت اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ چیکنگ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبر فنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، چیف انجینئر اوپن لائن بشارت وحید، منیجنگ ڈائریکٹر ریل کاپ عامر نثار چوہدری، پراجیکٹ ڈائریکٹر ریل کاپ ساجد بشیر راجہ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر سٹیشنزفرخ تیمور غلزئی سمیت ریلوے کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔