یورپی یونین کی انسانی حقوق کی کمیٹی کشمیر کی صورتحال پر خصوصی اجلاس طلب کرے گی ،اس بات کا فیصلہ وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے یورپی یونین کی انسانی حقوق کے سربراہ اور ممبران سے ملاقاتوں کے بعد چیئرمین کمیٹی نے کیا

جمعہ 11 نومبر 2016 18:53

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) کشمیریوں کوبین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابی مل گئی۔ یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی کمیٹی کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خصوصی سماعت کا اعلان۔ وزیراعظم آزادجموں وکشمیر کی کامیاب سفارتکاری کی بدولت کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اسے اٹھایا جائیگا اس بات کا فیصلہ وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے یورپی یونین کی انسانی حقوق کے سربراہ اور ممبران سے ملاقاتوں کے بعد چیئرمین کمیٹی نے کیا۔

انسانی حقوق کمیٹی کشمیر کی صورتحال پر خصوصی اجلاس طلب کرے گی جس میں مقبوضہ کشمیر کے حالات کا گہری نظر سے جائزہ لینا اور انسانی حقوق کی بحالی ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارت نصف صدی سے کشمیر کے مسلمانوں کو مسلسل ظلم ، جبر و بربریت سے دبا کر رکھنا چاہتا ہے مگر وہ اس میں بار بار اس وجہ سے ناکام ہو جاتا ہے کیونکہ کشمیریوں کے دلوں پر حکومت کی جاسکتی ہے اور نہ ہی روح پر۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھاری ہتھیاروں کے استعمال کا یورپی یونین فوری طور پر نوٹس لے مقبوضہ کشمیر میں تو زندگی اجیرن بنا ہی دی گئی تھی آزادکشمیر کے دس لاکھ لوگوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت سے لیکر اب تک کشمیریوں نے قربانیوں کی نئی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔ہم یورپ سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیری بھی انسان ہیں ،ان کے بھی ویسے ہی حقوق ہیں جیسے دنیا بھر میں بسنے والے انسانوں کے ،بھارت جس انداز سے کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پھر خطے کے اندر ایٹمی جنگ کے خطرات کے بادل منڈلاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مہلک ہتھیاروں کے استعمال اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بھارت کو نہتے کشمیریو ں پر ظلم وستم سے باز رکھنے کے لیے اپنا جاندار کردار اداکریں۔دریں اثناء وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اورسیز کشمیری کیمونٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ بیرون ممالک کام کرنے والے کشمیری ہمارے محسن اور سفیر ہیں ان کی سہولیات کے لیے کمشنر کا تقرر کیا جارہا ہے۔

آزادکشمیر کو ایسا خطہ بنائیں گے جہاں یہ لوگ دل کھول کر سرمایہ کاری کریں اور انہیں تحفظ کا احساس ہو کوئی ان کے پلاٹ یا جائیداد کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت اورسیز کشمیریوں کو پریشانی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ تارکین وطن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں انکے حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جائیگا۔ آزادکشمیر میں تارکین وطن کو بھرپور سہولیات فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تارکین وطن تحریک آزادی کشمیر کو بیرونی دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر ممبران برطانوی پارلیمنٹ،سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،راجہ جاوید اقبال ایم ایل اے و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :