’دیرینہ دوست‘ ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر بننے پر نیتن یاھو کی مبارک باد

جمعہ 11 نومبر 2016 17:58

’دیرینہ دوست‘ ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر بننے پر نیتن یاھو کی مبارک ..
مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 نومبر2016ء) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر منتخب ہونے پر انہیں مبارک باد کا پیغام دیا ہے اور ساتھ ہی ٹرمپ کو صہیونی ریاست کا ’دیرینہ دوست‘ قرار دیتے ہوئے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں نیتن یاھو کا کہنا ہے کہ میں امریکا میں شفاف صدارتی الیکشن کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اسرئیل کیحقیقی دوست ہیں۔ توقع ہے کہ وہ خطے میں دیر پا قیام امن کے لیے ہمارے ساتھ مل کر کوششیں کریں گے۔اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ ہمارے تعلقات باہمی احترام، دوستی اور دو طرفہ تعاون پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ملک ایک دوسرے کی اقدار اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے اصولوں پر عمل پیرا رہے ہیں۔نیتن یاھو نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل اور امریکا کے درمیان دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔

اسرائیلی حکومت اور انتہا پسند حلقوں کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر جشن منایا جا رہا ہے۔ اسرائیلی نائب وزیرخارجہ زیپی حوٹوبیلی نے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کا دارالحکومت تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کے اپنے وعدے کی پاسداری کریں اور جلد از جلد بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیں۔ ۔

متعلقہ عنوان :