مکہ مکرمہ پر حوثی دہشت گردوں کی طرف سے میزائل حملہ کی کوشش ملت اسلامیہ کیلئے ناقابل قبول ہے‘طاہر محمود اشرفی

امت مسلمہ مکہ مکرمہ پر حملہ کرنے والوں اور ان کے پشت پناہوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، اسلامی سربراہی کانفرنس ،اقوام متحدہ تحقیقات کروائیں مکہ مکرمہ پر حملہ میں استعمال ہونے والا میزائل کہاں بنایا گیا‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا قومی دفاعی ارض حرمین الشریفین کانفرنس سے خطاب

جمعہ 11 نومبر 2016 17:32

مکہ مکرمہ پر حوثی دہشت گردوں کی طرف سے میزائل حملہ کی کوشش ملت اسلامیہ ..
اسلام آباد /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ مکہ مکرمہ پر حوثی دہشت گردوں کی طرف سے میزائل حملہ کی کوشش ملت اسلامیہ کیلئے ناقابل قبول ہے،امت مسلمہ مکہ مکرمہ پر حملہ کرنے والوں اور ان کے پشت پناہوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، اسلامی سربراہی کانفرنس ،اقوام متحدہ تحقیقات کروائیں کہ مکہ مکرمہ پر حملہ میں استعمال ہونے والا میزائل کہاں بنایا گیا، پاکستانی قوم ،حکومت ،فوج ارض حرمین الشریفین کی سلامتی،استحکام اور دفاع کیلئے سربکف ہے،سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

ارض حرمین الشریفین کیخلاف ہونے والی سازشوں اور عالم اسلام کی صورتحال پر عالمی کانفرنس بلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ہونے والی ’’قومی دفاعی ارض حرمین الشریفین کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔ کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔

کانفرنس سے مختلف سیاسی،مذہبی جماعتوں ،تاجروں ،وکلاء اور سفارتی نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے عرب اور اسلامی ممالک میں بیرونی مداخلتوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ فرقہ وارانہ بنیادوں پر مسلح گروہ تشکیل دے کر اسلامی اور عرب ممالک کے امن کو تباہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ یمن میں حوثی باغیوں کو مسلح کرنے کا مقصدسعودی عرب کے امن کو تباہ کرکے مسلمانوں کے مقدسات تک رسائی حاصل کرنا ہے لیکن مسلم امہ اس کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

وفاق المساجد پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا ایوب صفدرنے کہا کہ پاکستان کے لاکھوں آئمہ ،خطبائسعودی عرب کے سلامتی کے اداروں ،افواج اور حکومت کیلئے دعاگوہیں۔سعودی عرب کے سلامتی کے اداروں نے مکہ مکرمہ پر میزائل حملے اور مدینہ منورہ میں خود کش حملے کو ناکام بناکر ثابت کردیا ہے کہ وہ ارض حرمین الشریفین کی سلامتی ،استحکام اور دفاع کی ہر طرح سے صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاکستان علماء کونسل اسلام کے صدر مولانا عبد الحمید صابری نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کیخلاف ہونے والی سازشوں سے آگاہی اور ارض حرمین الشریفین کے دفاع اور تحفظ کیلئے ملک گیر مہم چلائی جائے گی۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ مملکت سعودی عرب کی اسلام اور مسلمانوں کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں ۔سعودی عرب کی حکومت کیخلاف کسی بھی جارحیت کو مسلمان قبول نہیں کریں گے۔کانفرنس سے مولانا نعمان حاشر،مولانا عبد الخالق،مولانا طاہر عقیل اعوان ،مولانا نائب خان سبحانی،مولانا حفیظ الرحمن،حافظ محمد شہباز ودیگر نے بھی خطاب کیا۔