بچوں کا مستقبل والدین کے ہاتھو ں میں ہے ،لوگ باقی مسائل لیکر تو آتے ہیں لیکن آج تک کسی نے یہ نہیں کہا کہ سرکاری سکول کا معیار اچھا نہیں ‘پائپ ،ٹوٹی اورنوکری کی بات تو کی جاتی ہے لیکن تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی کوئی بات نہیں کرتا

وزیرتعلیم آزادکشمیر بیرسٹر سید افتخا رگیلانی کا تقریب سے خطاب

جمعہ 11 نومبر 2016 17:14

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) وزیرتعلیم آزادکشمیر بیرسٹر سید افتخا رگیلانی نے کہا ہے کہ بچوں کا مستقبل والدین کے ہاتھو ں میں ہے ،لوگ ہمارے پاس باقی مسائل لیکر تو آتے ہیں لیکن آج تک کسی نے یہ نہیں کہا کہ سرکاری سکول کا معیار اچھا نہیں ہے ،پائپ ،ٹوٹی اورنوکری کی بات تو کی جاتی ہے لیکن تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی کوئی بات نہیں کرتا ،یہ بات انہوںنے دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقہ ٹامی مگری گوجرہ میں اسلامی ترقیاتی بنک کے مالی تعاون سے عوامی شراکت کے تحت تعمیر ہونے والے پہلے ماڈل سکول کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کہی ،تقریب سے ممبر اسمبلی مصطفی بشیر عباسی ،سیکرٹری تعلیم سکولز ارشاد قریشی ،پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ڈی بی ایجوکیشن پراجیکٹس سید ظہیر حسین گردیزی ،ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر راجہ سعید خان ،زمین عطیہ کرنے والے سردار بشیر احمد ،سردار شکیل احمد اور سندس اورنگزیب نے بھی خطاب کیا ،وزیرتعلیم سید افتخار گیلانی نے کہا کہ آزادکشمیر میں بے روزگاری پندرہ فیصد ہے جو پاکستان سے دوگنا ہے یہاں بڑی صنعت نہیں لگ سکتی اورمعیار تعلیم بہتر نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے نوجوانوں کو بیرونی ریاست اوربیرون ملکوں میں روزگار کے بہتر مواقع میسر نہیں آرہے ،افتخار گیلانی نے کہا کہ معیار تعلیم بہتر بنانے کے لئے لوگوں کو سرکاری سکولوں پر توجہ دینی ہوگی اورسرکاری اداروں کو اپنا سمجھ کر انکی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے متحرک ہونا ہوگا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم ارشاد قریشی نے مقامی آبادی سے کہا کہ سکول کی تعمیراتی کام پر نظررکھیں اورکوئی خرابی دیکھیں تو پراجیکٹ ڈائریکٹر کو مطلع کریں اگر ان سے رابطہ نہ ہو تو مجھے بتایا جائے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ڈی بی ایجوکیشن پراجیکٹس سید ظہیر حسین گردیزی نے کہا کہ والدین جب تک سرکاری تعلیمی اداروں سے لاتعلق رہیں گے تب تک معیار تعلیم بہتر نہیں ہوسکتا ،انہوںنے کہا کہ بنیاد ی تعلیم سب کیلئے منصوبے کے تحت اسل علاقے میں ماڈل سکول کی تعمیر سے بچوں کو تعلیم کی معیاری سہولت حاصل ہوگی اوریہ سکول دیگر سرکاری سکولوں کیلئے قابل تقلید بنے گا انہوںنے مزید کہا کہ معیار ی تعلیم کی فراہمی کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،سکولوں کی تعمیر اور بہتر طور پر چلانے میں دلچسپی لینی ہوگی ،اس سے قبل وزیرتعلیم نے تختی کی نقاب کشائی کرکے گرلز ماڈل سکول ٹامی مگری کاسنگ بنیاد رکھا ۔