جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر کی کال پر آزادکشمیر بھر میں 16نومبر کو یوم دعا وتلاوت قرآن منانے کا اعلان

جمعہ 11 نومبر 2016 17:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر کی کال پر آزادکشمیر بھر میں 16نومبر کو یوم دعا وتلاوت قرآن منانے کا اعلان۔تمام ضلعی وتحصیل ہیڈکوارٹرز پر دینی مدارس کے طلباء تحریک آزادی کشمیر ،تحفظ حرمین شریفین،استحکام پاکستان،استحکام دینی مدارس اور رحمت خداوندی کے لیے کلام پاک کی اوپن مقامات پر اجتماعی تلاوت اور دعائوں کا اہتمام کریں گے جبکہ جملہ اہل اسلام نماز استسقاء میں بھی شرکت کریں گے۔

دارالحکومت مظفرآباد میں یونیورسٹی گرائونڈ میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام جملہ مدارس کے طلبائ16نومبر کو دن گیارہ بجے تلاوت کلام پاک کا انعقاد کریں گے جس کے بعد قبل ازظہر جملہ شہریان مظفرآباد بشمول تمام مکاتب فکر کے زعماء ،تاجران،سیاسی ،مذہبی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان ،سکول وکالجز ،یونیورسٹی کے طلباء واساتذہ نماز استسقاء میں شریک ہوں گے اور رب تعالیٰ کے حضور باران رحمت کے لیے دعا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سرپرست اعلیٰ مولانا قاری عبدالمالک توحیدی،مرکزی نائب امیر مفتی محمودالحسن مسعودی،سواد اعظم اہلسنت والجماعت کے جنرل سیکرٹری مولانا قاضی محمودالحسن اشرف،مولانا قاضی غلام سرور،مولاناقاری افضل خان،مولانا قاری عبدالماجد،مولانا انوارالحق قاسمی،مولانا منظورالحسن ودیگر علماء کرام نے شہریان مظفرآباد سے اپیل کی ہے کہ وہ 16نومبر بروز بدھ دن گیارہ بجے یونیورسٹی کالج گرائونڈ میں نماز استسقاء اور امت مسلمہ کے اتحاد ،حرمین شریفین کے تحفظ،پاکستان کے استحکام،تحفظ دینی مدارس اور رحمت خداوندی اور کشمیر کی آزادی کے لیے اجتماعی دعا میں شریک ہوں۔

علماء نے کہا کہ یہ کسی ایک جماعت ،مسلک یا علاقے کا مسئلہ نہیں بلکہ اجتماعی معاملہ ہے اس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ،شہریان اور حکومتی وسرکاری زعماء بشمول ملازمین شامل ہوں۔

متعلقہ عنوان :