پنجاب بھرکی36اضلاع کے نمائندہ 40اراکین پر مشتمل پہلی پراونشل یوتھ اسمبلی کا قیام

یوتھ اسمبلی کے قیام کا مقصد جمہوری کلچر کو فروغ دینا ہے، پنجاب یوتھ اسمبلی کے قیام سے نوجوان نسل کو آنے والے دور میں قیادت سنبھالنے سے متعلق مختلف پہلوئوں سے آگاہی حاصل ہو گی، یوتھ اسمبلی کے ارکین کو پنجاب اسمبلی کی پالیسیوں کو سمجھنے ، اپنی آرا ء و تجاویزمتعلقہ حکام تک پہنچانے کا موقع ملے گا‘صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہوداحمد خاں کا پراونشل یوتھ اسمبلی کی پہلی تقریب حلف برداری سے خطاب

جمعہ 11 نومبر 2016 16:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پراونشل یوتھ اسمبلی کے قیام کا مقصد جمہوری کلچر کو فروغ دینا ہے ،یوتھ اسمبلی پنجاب کا قیام پلڈاٹ کا احسن اقدام ہے ۔پراونشل یوتھ اسمبلی کی پہلی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پنجاب یوتھ اسمبلی کے قیام کا مقصدنوجوان نسل کو آنے والے دور میں قیادت سنبھالنے سے متعلق مختلف پہلوئوں سے آگاہی دینا ہے، یوتھ اسمبلی کے ذریعے نوجوانوں کو پنجاب اسمبلی کی پالیسیوں کو سمجھنے ، اپنی آرا ء و تجاویزمتعلقہ حکام تک پہنچانے کا موقع ملے گا- انہوں نے کہا کہ یوتھ اسمبلی کے اراکین موثر انداز میں ایک پر امن معاشرے کے قیام کے لئے مثبت اور قابل عمل تجاویز حکومت پنجاب کو پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

پراونشل یوتھ اسمبلی کے قیام کا مقصد مختلف سیاسی رجحانات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے مسائل کے حل کیلئے باہمی مشاورت سے قابل عمل سفارشات کا حصول ہے۔انہوں نے یوتھ اسمبلی کے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ چینج میکر ہیں۔یہ تجربات آپ کی زندگی کا بہترین اثاثہ ثابت ہوں گے۔یوتھ اسمبلی کے فورم کے ذریعے آپ کی استعداد ِ کار میں اضافہ ہو گااوریہ پلیٹ فارم آپ کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرئے گا۔

آپ یوتھ کے اسمبلی اراکین ہی کل کے قائد ہیں۔آپ نے ہی پاکستان کو آگے لے کر چلنا ہے۔اپنی شبانہ روز محنت، لگن اور جذبے سے ملک کی ترقی کی راہ ہموار کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ اپنے متعلقہ اضلاع میں درپیش مسائل پر توجہ دیں اور ان کے حل کیلئے تجاویز مرتب کریں۔تقریب کے دوران سیکرٹری جنرل یوتھ پراونشل اسمبلی احمد بلال محبوب نے بتایا کہ پلڈاٹ کے تحت پراونشل یوتھ اسمبلی کا قیام پنجاب اسمبلی کی طرز پر عمل میں لایا گیا ہے۔

پنجاب بھر سے 40ممبران پر مشتملپراونشل یوتھ اسمبلی کا قیام عمل میں لایا گیاہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے تمام 36اضلاع کی یوتھ اسمبلی میں بھرپور نمائندگی ہے۔سٹیرنگ کمیٹی کے اراکین نے پراونشل یوتھ اسمبلی کی تشکیل میں بھر پور تعاون کیا۔ جمہوریت دراصل جمہوری رویے کا نام ہے۔ یوتھ اسمبلی میں سے 4پارلیمانی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو رپورٹس مرتب کر کے حکومت اور میڈیا کو پیش کریں گی۔

احمد بلال محبوب نے بتایا کہ یوتھ اسمبلی کے اراکین کو دیگر صوبائی ایوانوں اور مختلف اداروں کا دورہ کرنے، وہاں کام کرنے کا طریقہ کار کو قریب سے دیکھنے سمیت اہم تجربات حاصل ہوں گے۔صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود احمد خاں نے پہلی پراونشل یوتھ اسمبلی کے اراکین سے حلف لیا۔تقریب سے سیکرٹری جنرل یوتھ پراونشل اسمبلی ،پریذیڈنٹ پلڈاٹ احمد بلال محبوب اورسٹیرنگ کمیٹی کے ممبران سید علی رضا شاہ، ایم پی اے فائزہ ملک،خوشبو اعجاز نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔