جمہوریہ چیک کے سفیر جین فیوری نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا دورہ

جمعہ 11 نومبر 2016 16:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) پاکستان میں جمہوریہ چیک کے سفیر جین فیوری نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا دورہ کیا اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختاراحمد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی نے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ایچ ای سی کے اقدامات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ایچ ای سی ملک میں معیار ِتعلیم پر سمجھوتہ کئے بغیر اعلیٰ تعلیم تک مساویانہ رسائی کے حوالہ سے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایچ ای سی نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں اور بالخصوص تحقیقی سرگرمیوں میں باہمی تعاون پر زور دیا اور کہا کہ پاکستانی جامعات کے وائس چانسلرز پر مشتمل ایک وفد کو جمہوریہ چیک بھیجا جائے گا تاکہ وہ جمہوریہ چیک میں جامعات اور تحقیقی اداروں کا دورہ کرکے باہمی تعاون کے شعبہ جات کا تعین کر سکیں۔ انہوں نے مہمان سفیر کو لاہور نالج پارک کے حوالہ سے آگاہ کیا اور دعوت دی کہ جمہوریہ چیک کے تعلیمی اور تحقیقی ادارے منصوبہ میں شامل ہوں۔ ملاقات کے دوران سفیر نے چیئرمین ایچ ای سی کو جمہوریہ چیک دورہ کرنے کی دعوت دی اور ملک میں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں جاری ترقی اور اقدامات کو سراہا۔