بھارتی پولیس نے سید علی گیلانی کی رہائشگاہ کا دروازہ مکمل طور پر بند کر کے مارچ کی قیادت سے روک دیا

حریت رہنمائوں کی کثیرتعداد گھروں، جیلوں میں بند، نماز جمعہ کی ادائیگی بھی نہیں کرنے دی گئی

جمعہ 11 نومبر 2016 16:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی رہائش گاہ کے دونوں مرکزی دروازے مکمل طور پر بند کر کے انہیں جامع مسجد سرینگر کی طرف مارچ کی قیادت سے روک دیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مارچ کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل متحدہ مزاحمتی قیادت نے یوم استقلال کے سلسلے میںدی تھی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میںجاری بیان میں کہا کہ پولیس نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں واقع سید علی گیلانی کے گھر کے دونوںمرکزی دروزے جمعہ کے روز مکمل طو پر بند رکھے اور انہیں گھر سے باہر بالکل نہیں آنے دیا۔ ترجمان نے کہا کہ سید علی گیلانی گھر سے باہر آنے کیلئے تقریباً 20منٹ تک اندر سے دورزاہ کھٹکھٹاتے رہے لیکن پولیس نے کوئی جواب نہیں دیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا پولیس نے میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آغا سید حسن الموسوی الصفوی، مسرت عالم بٹ، آسیہ اندرابی، بلال صدیقی، سیدبشیر اندرابی ،ظفر اکبر بٹ اور دیگر رہنمائوں کو بھی مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے گھر وں ، تھانوں اور جیلوں میں مسلسل نظر بند رکھا ۔ انہیں جمعہ کی نماز ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔