اسلامی تعلیمات ہمیں معذور ، بے سہارا ،یتیم بچوں کی کفالت کا درس دیتی ہیں،عبدالرشید ترابی

الله کی رضا اور نبیؐکی شفاعت کے حصول کیلئے معاشرے کے ایسے افراد جن کا کوئی کی مدد کرنا ضروری ہے، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر

جمعہ 11 نومبر 2016 16:14

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات ہمیں معذور ، بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت کا درس دیتی ہیں،الله کی رضا اور نبی صلی الله علیہ وسلم کی شفاعت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم معاشرے میں ایسے افراد کی مدد کریں جن کا کوئی نہیں ہے۔

نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے ایسے افراد کی مدد کرنے کا درس دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نابینا بچوں کی تعلیم و تربیت کا ادارہ ’’اکاب‘‘کے دورے کے دوران کیا ۔ اس موقع پر پروفیسر پروفیسر الیاس صابر ، ڈاکٹر محمد یوسف طارق سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔ یہ ادارہ میرپور میں قائم ہے ایسے بچوں کی تعلیم و تربیت اور ہنر سیکھنے کا بندوبست کر رہا ہے جو بصارت سے محروم ہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پروفیسر الیاس صابر اور ان کے دیگر ساتھیوں نے اس طرح کا عظیم الشان ادارہ قائم کر کے اعلیٰ مثال قائم کی ہے ۔ معاشرے میں پائے جانے والے ایسے بچوں کو احساس محرومی سے نکال کر معاشرے کے لیے مفید شہری بنانا بہت بڑا کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کام ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے ادارے قائم کرے جن میں اس طرح کے بچوں کو تعلیم دی جائے اور ان کو ہنر سکھایا جائے ۔

ایسے بچوں کے لیے حکومت نے ملازمتوں اور دیگر شعبہ جات میں دو فیصد کوٹہ مقرر کر رکھا ہے ، میری کوشش ہوگی کہ اس کوٹے کو عملی طو رپر بروئے کار لا کر ایسے بچوں کو ملازمتیں دی جائیں ۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جو لوگ اس کارخیر میں حصہ ڈال رہے ہیں الله تعالیٰ ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے ۔ اور اہل خیر حضرات اس طرح کے اداروں کا بھرپور تعاون کریں جو معاشرے میں فلاح کے کام کر رہے ہیں ۔