سیزفائرلائن پر آباد شہریوں کو بھارتی گولہ باری سے محفوظ بنانے کیلئے گھروں کے قریب مضبوط بنکر بنا کر دینگے، راجہ نثار احمد

سیز فائرلائن کو بجلی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کرینگے، آزادکشمیرکا بچہ بچہ پاکستان کے عوام اورفوج دفاع پاکستان کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں پاک فوج اور سیز فائرلائن پرآباد شہریوں کی موجودگی میں بھارت سیز فائرلائن عبور کرنے کی جرات نہیں کرسکتا، قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر کا کھلی کچہری سے خطاب

جمعہ 11 نومبر 2016 16:14

کھوئی رٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) آزاد کشمیر کے قائمقام وزیر اعظم راجہ نثار احمد خان نے کہاہے کہ سیزفائرلائن پر آباد شہریوں کو بھارتی گولہ باری سے محفوظ بنانے کے لیے ان کے گھروں کے قریب مضبوط بینکربناکردیں گے۔ سیز فائرلائن کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کریں گے۔ آزادکشمیرکا بچہ بچہ پاکستان کے عوام اور فوج دفاع پاکستان کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔

پاک فوج اور سیس فائرلائن پرآباد شہریوں کی موجودگی میں بھارت سیز فائرلائن کو عبور کرنے کی جرات نہیں کرسکتا۔ کشمیری حریت راہنمابرہان مظفروانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی کشمیرمیں نیاجوش وولولہ پیداہواہے۔ مقبوضہ ریاست جموںوکشمیر کے عوام بڑی جرات اور بہادری سے بھارتی حکومت اور افواج کے مظالم برداشت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبہ جات میں کوالٹی پرکوئی سمجھوتہ نہیںکرے گی۔

تمام پراجیکٹ اعلیٰ معیار کے مطابق ہونگے۔ آزادکشمیربھرمیں بجلی کی گھرگھر فراہمی کے لیے 7 ارب روپے کا پراجیکٹ شروع کررہے ہیں۔ لوگوں کو بجلی کے معاملات اور درست میٹرریڈنگ کے لیے معیاری میٹرلگائیں گے۔ بجلی چوری میں ملوث محکمہ کے ملازمین اور صارفین کے خلاف کارروائی کریں گے۔ سرکاری افسران بھاری تنخواہیں اور مراعات حاصل کرتے ہیں۔

انھیں اپنے فرائض دیانتداری اور ایمانداری سے سرانجام دیناہونگے۔ سابقہ دور کی روش اور رویوں میں تبدیلی لاناہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مقامی ریسٹ ہائوس میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسابق امیدوار اسمبلی محمداقبال خان، ڈپٹی کمشنر سردار عدنان خورشید، ایس ایس پی چوہدری منیرحسین، سابق چیئرمین ضلع کونسل راجہ اقبال سکندر، سابق چیئرمین زکواة راجہ محمدافضل، راجہ محمود خان، جماعت اسلامی کے راہنما حبیب الرحمن آفاقی، سابق ایڈووکیٹ جنرل ریاض نوید بٹ، سابق ڈی پی آئی راجہ عبدالحمید،مسلم لیگ ن حلقہ کھوئیرٹہ کے صدر راجہ عقیل احمد خان، حلقہ کھوئیرٹہ کے جنرل سیکرٹری اعجاز بھٹی، نجیب الرحمن، محمد نواز چوہدری راجہ ضمیر عرف باوا، صاحبزادہ الیاس قادری ،مسلم لیگ یوتھ کے راجہ ظفراللہ خان، حافظ محمدساجدمنجوالوی، مرزامحمودسمیت مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھی۔

اس موقع پرقائمقام وزیراعظم کو عوام علاقہ نے اپنی مشکلات بتائیں اور بعض محکموں کے خلاف شکایات بھی کیں۔ قائمقام وزیراعظم نے جملہ لوگوں کے مسائل اور شکایات توجہ سے سنیںاور بعض معاملات کے فوری حل کے لیے موقع پرہدایات دیں۔ قائمقام وزیراعظم راجہ نثار احمد خان نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر میں نظم ونسق ،قانون وآئین کی بالادستی ہرصورت قائم رکھے گی۔

حکومتی معاملات کوکسی صورت ڈی ٹریک نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے کہاکہ عوام الناس اطمینان رکھیں حکومت لوگوں کے جملہ مسائل اور معاملات سے پوری طرح آگاہ ہے۔ ترقیاتی عمل میں چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔ سرکار کے وسائل کوکسی صورت بے دریغی سے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے کہاکہ کسی ایک شخص کی خواہش کے مطابق ضابطہ میں تبدیلی نہیں لائیں گے۔

ملازمین کے تبادلہ جات کے لیے الگ پالیسی بنائی ہے۔ محکمہ تعلیم میں تبادلہ جات تعلیمی سیشن کے اختتام پرہونگے تاکہ تعلیمی نظام ڈسٹرب نہ ہواس کے لیے الگ چار درجاتی فارمولہ بھی بنایاجارہاہے۔ ہرٹیچر کی کارکردگی اور امتحانی رزلٹ دکھاناہونگے۔ محکمہ تعلیم میں تبادلہ جات سال میں صرف ایک ہی بار ہونگے۔ انھوں نے کہاکہ سرکارکا کوئی آفیسریاملازم کسی کرپشن ، بددیانتی یافرائض سے تجاوز کرتے ہوئے پایاگیاتو اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ اسے جزاوسزا کے عمل سے ہرصورت گزرناہوگا۔