لاہورہائیکورٹ نے دو بچے باپ سے لے کر ماں کی تحویل میں دے دیئے

جھگڑوں کی وجہ سے بچے والدین کی شفقت سے محروم ،گھر اجڑ رہے ہیں، والدین بچوں کے مستقبل کی خاطر اپنی انا اور ضد چھوڑ دیں‘ عدالت

جمعہ 11 نومبر 2016 16:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) لاہورہائیکورٹ نے دو بچے باپ سے لے کر ماں کی تحویل میں دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ جھگڑوں کی وجہ سے بچے والدین کی شفقت سے محروم اور گھر اجڑ رہے ہیں، والدین بچوں کے مستقبل کی خاطر اپنی انا اور ضد چھوڑ دیں۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس ارم سجاد گل نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار عابدہ بی بی نے موقف اپنایا کہ شوہر واجد نے جھگڑے کے بعد بچے چھین لیے اور گھر سے نکال دیا ۔

(جاری ہے)

شوہر بچوں سے ملاقات نہیں کرنے دے رہا لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ بچوں کی تحویل دلوائی جائے ۔ عدالتی حکم پرفیصل آباد پولیس نے بچوں کو بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کیا ۔ شوہر واجد نے بتایا کہ اس کی بیوی معمولی معمولی باتوں پر جھگڑا کرتی ہے اور بچوں کو خود چھوڑ کر گئی ہے۔ جس پر عدالت نے افسوس کا اظہار کیا کہ جھگڑوں کی وجہ سے بچے والدین کی شفقت سے محروم اور گھر اجڑ رہے ہیں۔ جسٹس ارم سجاد گل نے دونوں بچے ماں کو دے دیئے اور تلقین کی کہ والدین بچوں کے مستقبل کی خاطر اپنی انا اور ضد چھوڑ دیں۔