پوری قوم کی نظر یں سپر یم کورٹ پر لگی ہیں ،تحر یک انصاف پانامہ پر عدالتی فیصلہ تسلیم کر یں گی‘ چوہدری محمدسرور

جمعہ 11 نومبر 2016 16:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پوری قوم کی نظر یں سپر یم کورٹ پر لگی ہیں تحر یک انصاف پانامہ پر عدالتی فیصلہ تسلیم کر یں گی‘ پانامہ لیکس کی تحقیقات سے دودھ کادودھ اورپانی کا پانی ہو جائیگا ‘ ملکی اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا ‘تحر یک انصاف ملک میں ایسی تبدیلی لانا چاہتی ہے جہاں ہر شخص آئین اورقانون کے مطابق کام کر یں اور ملک سے بدعنوانی کو ختم کر کے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیاجائے ۔

جمعہ کے روزاپنے دفتر میں پارٹی کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ اب سپر یم کورٹ میں ہے جہاں سے ہمیں سو فیصد یقین ہے کہ فیصلہ آئین وقانون اور انصاف کے مطابق ہوگا اور پوری قوم کی نظر یں بھی سپر یم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں نیب‘ ایف بی آر سمیت دیگر ادارے مکمل آزادی کے ساتھ کام کر رہے ہوتے اور ان میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہ ہوتی تو ملک میں پانامہ لیکس کی تحقیقات کا مسئلہ کب کا حل ہو چکا ہوتا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی مطالبہ کرتے ہیں اگر ملک کو مضبوط کر نا ہے تواس کیلئے ضروری ہے کہ ملکی اداروں کو مضبوط کیا جائے تحر یک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک میں تبدیلی کی جو جنگ لڑ رہی ہے ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ یہ جنگ کا میابی ہوگی اور عوام کو انکے مکمل حقوق ملیں گے ۔