ٹرمپ نے اپنے خلاف ہونے والے مظاہروں کو ناانصافی قرار دیدیا

میرے خلاف ہونے والے منظم مظاہرے میڈیا کے اکسانے پر کیے جا رہے ہیں جو کھلی ناانصافی ہیں،میری کامیابی شفاف صدارتی انتخابات کے ذریعے ہوئی ہے، نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر پر رد عمل

جمعہ 11 نومبر 2016 15:15

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف ہونے والے مظاہروں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف ہونے والے منظم مظاہرے میڈیا کے اکسانے پر کیے جا رہے ہیں، ان کے خلاف ہونے والے مظاہرے ناانصافی پر مبنی ہیں۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف امریکا بھر میں ہونے والے مظاہروں پر سوشل ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی شفاف صدارتی انتخابات کے ذریعے ہوئی ہے، میڈیا کے اکسائے جانے پر شروع کیے گئے مظاہرے کھلی ناانصافی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی غیریقینی کامیابی کے بعد امریکا بھر میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دوسرے روز بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، احتجاج کرنے والے امریکیوں کو سب سے زیادہ خدشات ایک کاروباری شخص کے صدر بن جانے کے بعد شہری حقوق کی پامالی پر ہیں۔

(جاری ہے)

امریکا کی مشرقی ساحلی ریاستوں واشنگٹن، بالٹی مور،فلا ڈیلفیا اور نیو یارک سمیت مغربی ساحلی ریاستوں لاس اینجلس، سان فرانسسکو،آکلینڈ، کیلی فورنیا اور ڈینور ریاستوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، ڈینور میں ہونے والی سب سے بڑی ریلی میں ہزاروں لوگ شامل ہوئے۔

مختلف ریاستوں میں ہونے والے احتجاج میں ہر عمر کے لوگ شریک ہوئے، جب کہ گزشتہ روز ہونے والے مظاہروں میں اکثریت کم عمر لوگوں اور نوجوانوں کی تھی۔نو منتخب صدر کے خلاف ہونے والے احتجاج کے پیش نظر پولیس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ہوٹلز، پلازہ اور دیگر ملکیتوں کے آس پاس رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں واشنگٹن میں پنسلوینیا اوینیو ہوٹل کا افتتاح کیا ہے، جب کہ نو منتخب صدر مین ہٹن میں ٹرمپ پلازہ میں رہائش پذیر ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکی صدر براک اوباما سے وائٹ ہائوس میں پہلی ملاقات کے موقع پر شہر میں 100 کے قریب مظاہرے کیے گئے، ریلیاں نکالنے والوں نے مختلف نعروں والے بینر اٹھا رکھے تھے، سیکڑوں لوگوں نے تارکین وطن سے اظہار یکجہتی کے لیے گانے گائے جن کے بول تھے ہمیں تارکین وطن سے کوئی ڈر، کوئی خوف نہیں ہے، ہم تمام تارکین وطن کو دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

مظاہرین نے احتجاج کے دوران مختلف بینرز اٹھائے ہوئے تھے، جن پر دوسروں پر الزام لگانے والا شخص، میرا صدر نہیں ہوسکتا، میں ایسے کسی شخص کی حمایت نہیں کر سکتا جو کسی کے لیے تعصب رکھتا ہو اور کسی سے نفرت کرتا ہو، کے نعرے درج تھے، مظاہروں میں شامل کئی نوجوانوں کے مطابق انہیں ٹرمپ کی جیت سے ٹھیس پہنچی، ورجینیا میں احتجاج کرنے والے نوجوانوں نے ٹرمپ کی جیت کو دل میں تکلیف کا باعث قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :