گوجرہ میں پرائمری سکول کا سنگ بنیادوزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے رکھ دیا

حکومت تعلیم کے میدان میں خصوصی توجہ دے رہی ہے‘محکمہ تعلیم سے خرابیاں دور کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ‘وزیرتعلیم

جمعہ 11 نومبر 2016 15:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے ٹامی گوجرہ میں پرائمری سکول کا سنگ بنیادوزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے رکھ دیا ۔اس موقع پرممبر اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیر ،سیکرٹری تعلیم ارشاد قریشی ،پراجیکٹ ڈائریکٹر ظہیر گردیزی ،ڈی پی آئی سکولز محترمہ تسنیم گل ،علامہ حمید الدین برکتی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

تقریب کی میزبانی سردار شکیل صادق نے کی ۔علاقہ کی مخیر شخصیت سردار بشیر نے سکول کی اراضی کیلئے دو کنال اراضی محکمہ کو عطیہ کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بیرسٹر افتخار گیلانے نے کہا کہ حکومت تعلیم کے میدان میں خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔محکمہ تعلیم سے خرابیاں دور کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم کا معیار ضروری ہے صرف بندے بھرتی کرنے سے معاملات اچھے نہیں ہو جاتے ۔

تعلیمی میدان میں عملی کام کی ضرورت ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ادارہ کا ایک مثالی نام ہوگا ۔انہوں نے بلا معاوضہ زمین دینے پرسرداربشیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی اپنے علاقے میں تعلیم پر توجہ اہمیت رکھتی ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر مصطفی بشیر ،سیکرٹری تعلیم ارشاد قریشی ،پراجیکٹ ڈائریکٹر ظہیر احمد گردیزی ،محترمہ تسنیم گل ،علامہ حمید الدین برکتی ،سردار شکیل صادق و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر سکول کا سنگ بنیاد رکھنے پر عوام علاقہ اسلامک بینک کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :