موجودہ آزاد حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا ہر ممکن کرداراداکر رہی ہے ‘برسلز میں وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرخان کی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات لائق تحسین ہیں

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے رہنماء اورنگزیب مغل کی صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 11 نومبر 2016 14:55

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے رہنماء اورنگزیب مغل نے کہا ہے کہ موجودہ آزاد حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا ہر ممکن کرداراداکر رہی ہے برسلز میں وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرخان کی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی کوششوں اور کاوشوں کے باعث آج مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے یورپی یونین اس اہم مسئلہ کو یورپی پارلیمنٹ میں اٹھانے کیلئے تیار ہے ۔

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے یہ بے حد ضروری ہے کہ تمام عالمی طاقتیں بھارت پر دبائو بڑھائیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اورنگزیب مغل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں ای اہم ترین مسئلہ بن چکا ہے جس کے حل کیلئے وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرخان کی طرف سے برسلز میں یورپی پارلیمنٹ سے ملاقاتیں اس مسئلہ کے حل کیلئے سود مند ثابت ہو نگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنے پہلے بیرونی دورے میں جو کردارادا کیا ہے اس سے یہ واضع ہو جاتا ہے مسلم لیگ ن کی حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا ہر ممکن کردارادا کرئیگی ۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو اس اہم ترین مسئلہ کے حل اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے گزشتہ چار ماہ سے جاری کرفیواور تشدد جیسے واقعات کا سخت ترین نوٹس لیکر بھارت سے جواب طلب کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم کے کرتوت ساری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے انتہائی سنجیدہ اور متحرک ہے اور یہی وجہ ہے کہ برسلز میں مسئلہ کشمیر کو ممبر یورپی پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ میں اٹھانے کا عہد کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدام راجہ فاروق حیدر خان کا ایک بڑا کارنامہ ہے جس پر پوری کشمیری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔