تاجرکسی بھی معاشرہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ہر تاجر کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ‘ تجارت پیغمبری پیشہ ہے جس میں ایمانداری اور دیانتداری سب سے پہلی ترجیح ہے

چیف آرگنائزر مرکزی انجمن تاجران محمد نوازرتیال کا تقریب سے خطاب

جمعہ 11 نومبر 2016 14:54

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء)چیف آرگنائزر مرکزی انجمن تاجران محمد نوازرتیال نے کہا ہے کہ تاجرکسی بھی معاشرہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ہر تاجر کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ تجارت پیغمبری پیشہ ہے جس میں ایمانداری اور دیانتداری سب سے پہلی ترجیح ہے اگر ایک تاجر ایماندار اور دیانتدار ہو تو اس میں کوئی شک نہیں کہ اللہ تعالیٰ اس کے رزق اور کاروبار میں اپنی برکت پیدا کرتا ہے ۔

ہر تاجر کو چاہیے کہ وہ اپنے مال کو نفع بخش بنانے کیلئے اسلامی اصولوں کے مطابق اپناکاروبار کرے اور دیکھے کہ اس کا کاروبار کس طرح دن دگنی ترقی سے ہمکنار ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے KITانسٹی ٹیوٹ کی برانچ ڈیفنس روڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

نواز رتیال نے کہا کہ میرپور آزاد کشمیر کا سب سے بڑا اور ریونیو دینے والا شہر ہے ہر تاجر آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے اور معاشرے کی کامیابی و ترقی اور معیشت کو مضبوط کرنے میں جہاں عوام اپنا حصہ ڈال رہی ہے وہیں تاجروں کا کردار بھی ایک واضع اور ٹھوس مثال ہے ۔

انہوں مزید کہا کہ تجارت انبیاء اکرام کا پیشہ ہے جبکہ حضور سرور کائنات نے بھی اس پیشہ کو اہمیت دیتے ہوئے اس کو اختیار کیا اس لئے یہ بے حد ضروری امر ہے کہ ہر تاجر آپ ؐ کے طریقہ تجارت کو اپناتے ہوئے اس پر عمل پیرا ہونے کی شدید ضرورت ہے اور ایمانداری اور دیانتداری سے کاروبار کرنے والے تاجر ہی کا کاروبار پھیلتاو پھولتا ہے اور اللہ تعالیٰ بھی ایسے تاجر سے خوش و خرم ہوتا جس نے اپنے پیشہ کو حقیقت میں ایک ایماندارانہ سوچ کو مد نظر رکھ کر سرانجام دیا ہو اس لئے تجارت اور کسی بھی کاروبار کو شروع کرنے کیلئے ہر کسی شخص کو چاہیے کہ وہ ایمانداری و دیانتدار ی کو ترجیح دے تاکہ اللہ اور اس کا رسول ؐ اس کے انداز کاروبار سے خوش ہو کر اس کے کاروبار میں اپنی برکت ڈال سکے ۔

محمد نواز رتیال نے میرپور کے تاجروں کو درپیش مسائل کے حوالہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک تاجر رہنماء ہونے کی حیثیت سے تاجروں نے مجھ پر جو اعتماد کر رکھا ہے انشاء اللہ ان کے اعتماد کو کسی بھی صورت ٹھیس نہیں پہنچائوں گا بلکہ ان کے مسائل کے حل کیلئے جہاں کہیں بھی جانا پڑا سب سے پہلے جائوں گا اس وقت تاجروں کو اپنے کاروبار کے حوالہ سے جو مشکلات پیش آرہی ہے ان سے بخوبی آگاہ ہوں اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن کوششوں کو بروئے کار لا کر تاجروں کے مسائل ہر صورت میں حل کیے جائیں گے ۔