صدر اوباما سے ملاقات میرے لیے اعزاز کی بات ہے، ٹرمپ

ملاقات شاندار رہی،ٹرمپ کی کامیابی کے لیے ہرممکن امدادفراہم کریں گے،اوباما ٹرمپ کے دورہ وائٹ ہاؤس میں ان کی اہلیہ ملانیا بھی ان کے ہمراہ تھیں ، مشیل اوباما سے علیحدہ ملاقات کی

جمعہ 11 نومبر 2016 12:55

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صدر براک اوباما سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ صدر اوباما سے ملاقات ان کے لیے ’اعزاز کی بات‘ تھی۔ صدر براک اوباما نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو ’شاندار‘ قرار دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدر اوباما سے 90 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس سے روانہ ہو گئے ۔

(جاری ہے)

اوول آفس میں ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ ملاقات کے دوران ملکی اور غیر ملکی معاملات زیر بحث آئے ۔انھوں نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم ٹرمپ کی کامیابی کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کرے گی کیونکہ ان کی کامیابی امریکہ کی کامیابی ہے۔اس موقع پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ صدر اوباما کے ساتھ مزید ملاقاتوں کے خواہشمند ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے اپنی ٹیموں کے بنیادی معاملات پر اکٹھے کام کرنے کی بات کی ہے جبکہ ٹرمپ نے تو مستقبل میں صدر اوباما سے مشورے لینے کا ذکر کرنا بھی مناسب سمجھا۔اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نیویارک سے اپنے ذاتی طیارے کے ذریعے ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر اترے۔ ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ میلانیا بھی تھیں جن کی خاتون اول مشیل اوباما سے ملاقات ہوئی۔