سابق گورنرعشرت العباد نجی ایئرلائن سے دبئی روانہ ہوگئے

جمعہ 11 نومبر 2016 12:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نجی ایئرلائن کے ذریعے دبئی روانہ ہو گئے۔ سابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے گزشتہ روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ وہ جمعہ کی علی الصباح نجی ائیرلائن کی پرواز ای کے سکس زیرو فائیو سے دبئی روانہ ہو ئے ۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ عوام کی طرف سے بہت پیار ملا، دعا ہے کراچی میں امن و امان برقرار رہے اور اللہ تعالیٰ پاکستان میں ہمیشہ امن قائم رکھے۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان سرکاری پروٹوکول میں گورنر ہاوس سے ایئرپورٹ کے لئے روانہ ہوئے اور راستے میں موجود صحافیوں اور پولیس اہلکاروں کو ہاتھ ہلا کر الوداع کیا۔ اس سے پہلے اٴْنہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔ مزار قائد پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو ان سے کوئی گلہ ہے یا دل آزادی ہوئی ہے تو وہ معذرت چاہتے ہیں۔ 2 روز پہلے صدر ممنون حسین نے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کو صوبے کا نیا گورنر نامزد کیا تھا۔