خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے پاس دنیا کی چھٹی معاشی طاقت بننے کا سنہری موقع ہے،شہزادہ محمد بن سلمان

جمعہ 11 نومبر 2016 11:42

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے پاس دنیا کی چھٹی معاشی طاقت بننے کا سنہری موقع ہے،اگر خلیجی ممالک نے درست سمت میں کام جاری رکھا تو پیش آئند چند برسوں میں خلیجی بلاک دنیا کی چھٹی بڑی معاشی قوت بن سکتا ہے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ خلیجی ممالک کی اقتصادی ترقی کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہم خطے کو دنیا کی بہترین معاشی قوت بنانے کے لیے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے دور میں زندہ ہیں جب پوری دنیا غیرمعمولی معاشی اتار و چڑھاؤ کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں معاشی بلاک بن رہے ہیں، ہمارے پاس بھی ایک مضبوط معاشی بلاک تشکیل دینے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی اقتصادی ترقی کمیٹی ہمارے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا بہترین فورم ہے۔ واضح رہے کہ ریاض میں خلیج تعاون کونسل کی اقتصادی ترقی کمیٹی کے اجلاس میں متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم الشیخ منصور بن آید آل نھیان، بحرین کے شاہی مندوب برائے بہبود امور نوجوانان الشیخ ناصر بن حمد آل خلیفہ، سلطنت آف اومان کے مندوب اور وزیر خالد بن ھلال بن سلطان سعود البوسعیدی، قطر کے وزیرخارجہ الشیک محمد بن عبدالرحمان جاسم آل ثانی، کویت کیوزیر مملکت الشیخ محمد بن عبداللہ المبارک الصباح اور خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :