امریکا پاکستان کے ساتھ اسٹرٹیجک پارٹنر شپ کو اہمیت دیتا ہے،نومنتخب صدر ٹرمپ مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بھارتی جارحیت سے اگاہ ہیں

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار راناتنویر حسین کی ذرائع ابلاغ سے گفتگو

جمعہ 11 نومبر 2016 11:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار راناتنویر حسین نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اسٹرٹیجک پارٹنر شپ کو اہمیت دیتا ہے۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ امریکا میں نئے صدر کا انتخاب اور انتخابی نتائج کا معاملہ امریکا کا اندرونی معاملہ ہے اور ہر آنے والا صدر منصب پر براجمان ہونے کے بعد دیگر ممالک سے تعلقات کے حوالے اپنی خارجہ پالیسی ترتیب دیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکا کے افغانستان ، ایران کے حالات اور دہشتگردی کے معاملات سے پوری طرح باخبر ہے ،امریکا پاکستان کے ساتھ اسٹرٹیجک پارٹنر شپ کی اہمیت سے اگاہ ہے اور اسے اہمیت دیتا ہے۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ نومنتخب صدر ٹرمپ مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بھارت کی جارحیت سے اگاہ ہیں اور اس کا ذکر وہ اپنے ایک بیان میں بھی کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

رانا تنویر نے کہا کہ نو منتخب امریکی صدر اس حوالے سے کوئی لائحہ عمل ضرور ترتیب دیں گے۔ انھوں نے امیدکا اظہار کیا کہ اگر امریکا چاہیے تو مداخلت کر کے مسئلہ کشمیر حل کرا سکتا ہے۔ پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی کامیابی کے بعد کے بیانات ان کی انتخابی مہم کے خیالات سے مختلف ہیں،صدارتی قلمدان سنبھالنے کے بعد ان کے رویوں میں مذید مثبت تبدیلی آئے گی اور پاکستان بھی امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے۔