جموں کشمیر نا قابلِ تقسیم وحدت ہے‘الحاق اور تقسیم کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں‘ شہید کشمیر مقبول بٹ کے نظریات پر کاربند رہتے ہوئے تحریک آزادیِ کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے

ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت اور کشمیری حریت پسند رہنما زاہد حسین کا بیان

جمعرات 10 نومبر 2016 13:38

اٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 نومبر2016ء) ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت اور کشمیری حریت پسند رہنما زاہد حسین نے کہا ہے کہ جموں کشمیر نا قابلِ تقسیم وحدت ہے ۔الحاق اور تقسیم کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔ شہید کشمیر مقبول بٹ کے نظریات پر کاربند رہتے ہوئے تحریک آزادیِ کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ہماری تحریک کو روکنے کے لیے بے شمار اوچھے ہتھکنڈے استعمال ہوئے مگرکشمیری حریت پسندوں نے ہر سطح پر سامراجی ایجنٹوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے۔

ہم کسی کو شہداء کے مقدس لہو سے غداری نہیںکرنے دیں گے۔84471مربع میل کی مکمل آزادی و خودمختاری اور خوشحالی ہماری منزل ہے ۔شہیدِ کشمیر حضرت محمد مقبول بٹ ؒ کے نظریات کی روشنی میں ہی مسئلہ کشمیر کا حل ممکن ہو گا،ہماری آزادی کی تحریک کو روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ،آج پوری قوم کو متحد و مضبوط ہونا ہے اور آزادی کے لیے ایک ہی نعرہ استعمال کرنے کی ضرورت ہے اور وہ نعرہ خود مختار کشمیر ہے ،اُنھوں نے کہا میں یہاں یہ بھی بتانا مناسب سمجھوں گا کہ ہر وہ قوت جو ہماری آزادی کے رستے میں رکاوٹ بنے گی وہ پاش پاش کر دیں گے۔

(جاری ہے)

کشمیری قوم خودمختار کشمیر کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ریاست جموں کشمیر کے وحدت بحال کرنے کے لیے ہم ہر طرح کی قربانی دیں گے۔