پالیسیاں ادارے بناتے ہیں افراد نہیں، ٹرمپ کی انتخابی تقریروں اور وائٹ ہاؤس کی پالیسوں میں بہت فرق ہوگا ،ْطارق فاطمی

جمعرات 10 نومبر 2016 13:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پالیسیاں ادارے بناتے ہیں افراد نہیں، ٹرمپ کی انتخابی تقریروں اور وائٹ ہاؤس کی پالیسوں میں بہت فرق ہوگا،امریکی عوام نے معیشت اور تجارتی معاہدوں کے تناظر میں ووٹ دیا،ہماری قربانیوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے، تمام ملکوں سے خوشگوار تعلقات ہماری پالیسی ہے۔

ایک انٹروی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ ٹرمپ کی کامیابی پر تمام تجزیے اور سروے ناکام ثابت ہوئے ہیں ،ْانتخابی مہم میں بیانات کا مقصد عوام کی توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے، ضروری نہیں کہ انتخابی مہم میں دیے گئے بیانات پالیسی کا حصہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا حسن ہے کہ جو بھی نتیجہ ہو امیدوار اسے تسلیم کرے، امریکی عوام نے معیشت اور تجارتی معاہدوں کے تناظر میں ووٹ دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکی عوام کی قابلیت ہے کہ وہ بحران میں اکٹھے ہوتے ہیں، وزیراعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے، ٹرمپ کی انتخابی تقرریوں اور وائٹ ہاؤس کی پالیسیوں میں بہت فرق ہوگا، امید ہے کہ وقت کے ساتھ معاملات اور صورتحال میں بہتری ہوگی، ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ دوطرفہ علاقائی اور عالمی امور پر ملکر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیاں ادارے بناتے ہیں افراد نہیں، پالیسی سازی میں ریاستی مفادات سے زیادہ مقدم ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں صرف جمہوریت نہیں اتفاق رائے کی جمہوریت ہے، برسوں بعد امریکہ میں ایک جماعت کی اکثریت آئی ہے، کچھ عرصے کے بعد امریکہ کے ایوانوں میں اپوزیشن طاقتور ہو گی۔