لندن میں ٹرام پٹری سے اتر گئی،پانچ افرادہلاک،50زخمی

ْٹرام ڈرئیوارگرفتار

جمعرات 10 نومبر 2016 12:30

لندن میں ٹرام پٹری سے اتر گئی،پانچ افرادہلاک،50زخمی

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2016ء) برطانوی دارالحکومت لندن میں ایک ٹرام پٹری سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صبح چھ بج کر دس منٹ پر دو بوگیوں والی ایک ٹرام الٹ گئی۔ اس حادثے میں اب تک پانچ افراد کی ہلاکت اور پچاس سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

یہ واقعہ شہر کے جنوبی حصے کے کروئڈن نامی علاقے کے جنکشن کے قریب پیش آیا۔ پولیس نے اسے ایک بڑا واقعہ قرار دیا ۔لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز صورتحال پر قابو پانے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں مطلع کیا گیا کہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرام کے ڈرائیور کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

حادثے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔لندن کی ایمبولینس سروس کے مطابق مجموعی طور پر بائیس ایمبولینسوں کی مدد سے اکاون زخمیوں کو شہر کے دو مختلف ہسپتالوں تک پہنچا دیا گیا ہے اور وہ زیر علاج ہیں۔ زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے والے محکمے کے نائب ڈائریکٹر پیٹر مک کینا کے مطابق کئی زخمیوں کو موقع پر ہی فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ کچھ کو آنے والے زخموں کی نوعیت زیادہ سنگین ہے۔

ایک ہسپتال کے مطابق بیس کے لگ بھگ زخمیوں کو کافی زیادہ چوٹیں آئی ہیں اور نتیجتا ان کی حالت نازک ہے۔فائر بریگیڈ کے عملے کے مطابق ٹرام کے ملبے میں اب بھی دو افراد پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے کام جاری ہے۔برطانوی دارالحکومت کے واحد ٹرام نیٹ ورک کا آغاز سن 2000 میں ہوا تھا۔ اٹھائیس کلومیٹر طویل یہ نیٹ ورک جنوبی لندن کے کئی مضافاتی علاقوں میں آمد و رفت کے لیے استعمال میں آتا ہے۔ سن 2015 اور 2016 کے دوران ستائیس ملین شہری اس سروس سے مستفید ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :