مسلم لیگ ن پانامہ پیپرز کے معاملے پر اپنی قیادت کی بے گناہی کے دستاویزی ثبوت پیش کرے گی،رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 9 نومبر 2016 22:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ پانامہ پیپرز کے حوالے سے وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف لگائے گئے الزامات کو سپریم کورٹ کے سامنے ثابت کرے، گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرزکا معاملہ اب سپریم کورٹ میں ہے لیکن پی ٹی آئی آج تک اس حوالے سے کوئی بھی ثبوت فراہم نہیں کر سکی کیونکہ ان کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہی نہیں، رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن پانامہ پیپرز کے معاملے پر اپنی قیادت کی بے گناہی کے دستاویزی ثبوت ایپیکس کورٹ میں پیش کرے گی اور ہماری حکومت پانامہ پیپرز کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرے گی کیونکہ ہماری جماعت عدالتوں کا احترام کرنے والی جماعت ہے۔