پانامہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے،میں پاناما لیکس کے ایشو پروزیراعظم سے استعفٰی مانگنے والا کون ہو تا ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے امریکہ نے تنزلی کی طرف سفر شروع کر دیا ہے، ڈالر گرنے سے، چند سالوںمیں امریکہ مزید کمزور ہو جائے گا،سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی آئی این پی سے خصوصی گفتگو

بدھ 9 نومبر 2016 21:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ میں پاناما لیکس کے ایشو پروزیراعظم سے استعفٰی مانگنے والا کون ہو تا ہوں ۔سپریم کورٹ میں کیس چل رہا ہے ،جب فیصلہ آئے گا پوری قوم دیکھ لے گی۔وزیراعظم کے استعفٰی سے متعلق میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے امریکہ نے تنزلی کی طرف سفر شروع کر دیا ہے۔خبررساں ادارے آئی این پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ وزیر اعظم پاناما لیکس پراپنا دفاع بہترطریقے سے کرسکتے ہیں۔ سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنے کا اختیار ہے پوری قوم کو سپریم کورٹ پر اعتماد کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے امریکہ نے آج سے ہی تنزلی کی طرف سفر شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

امریکہ کی معیشت آج سے ہی گرنا شروع ہو گئی ہے۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ پوری دنیا میں تبدیلی آئے گی۔ ڈالر گرنے سے دس بیس سال نہیں، چند سالوںمیں امریکہ مزید کمزور ہو جائے گا۔امریکہ جو پہلے ہی مقروض تھا، مزید مقروض ہو جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ ملک کی بقاء کا پروگرام ہے،یہ خطے کیلئے گیم چینجرثابت ہوگا۔آپریشن ضرب عضب کے ذریعے بہت ساری کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔