کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بندش کے دورانیہ میں کمی نا کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں،سینیٹر شاہی سید

جس انداز سے کے الیکٹرک انتظامیہ نے وزیر اعظم کے احکامات کو نظر انداز کیا ہے اس سے ریاست کے اندر ریاست کا تاثر مذید واضح ہوگیا ہے، صدر اے این پی سندھ

بدھ 9 نومبر 2016 21:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر شاہی سید نے کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بندش کے دورانیہ میں کمی نا کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے لوڈشیڈنگ نصف کرنے کے اعلان کے باوجود کراچی کے شہریوں کو کوئی سہولت نہیں ملی ہے وزیر اعظم کے اعلان کو دوروز گزرنے کے باوجود کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا اعلان نہیں کیا گیا ہے کے الیکٹرک انتظامیہ خود کو ریاست سے بالاتر سمجھتی ہے روز اول سے ہم نے کے الیکٹرک کی نجکاری کی مخالفت کی تھی اس قومی ادارے کی نجکاری کی سب سے زیادہ مخالفت اے این پی نے کی تھی آج عوامی نیشنل پارٹی کے خدشات بالکل درست ثابت ہورہے ہیںاہم عوامی ادارہ سفید ہاتھی بن چکا ہے یہ ادارہ ماضی میں بھی عدالتی احکامات اور حکومتی اعلانات کو ہوا میں اڑاتا رہا ہے وزیر اعظم کے حالیہ فیصلے پر کے الیکٹرکانتظامیہ کی ہٹ دھرمی انتہائی افسوس ناک ہے شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پرانے شیڈیول کے مطابق جاری ہے باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ ) کے چیئر مین سینیٹر شاہی سید نے مذید کہا ہے کہ شہری بھاری چارجز ہر ماہ باقاعدگی سے کے الیکٹرک انتظامیہ کو ادا کرتے ہیںجب بھی کوئی سہولت یا ریلیو دینے کا وقت آتا ہے کے الیکٹرک انتظامیہ چشم پوشی سے کام لیتی ہے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے اقدامات اٹھانے کی لیے ہمہ وقت تیار انتظامیہ اپنی روش کو تبدیل کرے انہوں نے مذید کہا کہ جس انداز سے کے الیکٹرک انتظامیہ نے وزیر اعظم پاکستان کے احکامات کو نظر انداز کیا ہے اس سے ریاست کے اندر ریاست کا تاثر مذید واضح ہوگیا ہے ،انہوں نے مذید کہا کہ ماضی میں کے الیکٹرک کی نجکاری کے وقت ہمارے احتجاج کی مخالفت کرنے والے آج اس ادارے کی زیادتیوں کے خلاف بیانات دے رہے ہیںشہر کی اہم سیاسی حقیقت کی حیثیت سے بھر پور احتجاج کرکے ہم نے اپنا حق ادا کردیا تھا اور حکو متی ایوانوں اور قائمہ کمیٹیوں میں بھی ہم نے کے الیکٹرک کی نجکاری اور شہریوں کے ساتھ اس کی لوٹ مار کے خلاف آواز اٹھائی ہے ۔