وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان کی پیش کردہ تجویز پر عالمی بینک کا پاکستان کو ٹیرف کی پالیسی کے نئے ڈھانچہ کی تیاری کیلئے ٹیکنیکل معاونت کی فراہمی پراتفاق

بدھ 9 نومبر 2016 20:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان کی پیش کردہ تجویز پر عالمی بینک نے پاکستان کو ٹیرف کی پالیسی کے نئے ڈھانچہ کی تیاری کے لئے ٹیکنیکل معاونت کی فراہمی پراتفاق کیا ہے جس کا مقصد آمدن کے ساتھ ساتھ مجموعی برآمدات بڑھانا ہے۔ وزیر تجارت نے یہ تجویز عالمی بینک کے ایک وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس میں پیش کی۔

وفد کی قیادت کنٹری ڈائریکٹرعالمی بینک پچما تھوایلن گو ون اور تجارت و مسابقتی شعبہ کی سینئر ڈائریکٹر انیبل گونز یلز کر رہی تھیں۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ نئی ٹیرف پالیسی کی تجویز وزارت تجارت کی طرف سے بنائی جائے گی اور عالمی بینک تمام مطلوبہ ٹیکنیکل معاونت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

وزیر تجارت نے وزارت کی طرف سے پالیسی پرغور خوض کے لئے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ پالیسی ڈاکٹرناظم لطیف کو ٹیم لیڈر نامزد کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی تجارتی مارکیٹ میں زیادہ مسابقتی بنانے کے لئے نہ صرف وزارت بلکہ حکومتی سطح پر بھی برآمدات میں مسابقت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ پاکستان کی میکرو اکنامک صورت حال میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ دہشت گردی کے واقعات بڑی حد تک کم ہو گئے ہیں اورتوانائی کے بحران پر قابوپا لیا گیا ہے ۔

وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کاروبارکرنے کے لئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں اور مطلوبہ قانون سازی اور انتظامی اقدامات سے بہتری لانے کا سلسلہ ملک بھر میں جاری رہے گا۔ انابیل گونیز نے اس پر اتفاق رائے کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک کو پاکستان کے درست سمت میں گامزن ہونے کی بڑی خوشی ہے اور وہ اس ضمن میں پاکستان کو ہر ممکن ٹیکنیکل معاونت فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :