پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں کی مزار اقبال پر حاضری، سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے پھولوں کی چار چڑھائی

بدھ 9 نومبر 2016 20:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنمائوں نے گزشتہ روز سیکرٹری جنرل و ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں مزار اقبال پر حاضری دی۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے مزار اقبال پر پھولوں پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حکیم الامت کی تعلیمات اور فکر ایک خوددار اور غیور قوم کیلئے تھی۔

حکیم الامت چاہتے تھے کہ پاکستان ایک باوقار قوم کے طور پر دنیا میں اپنا کردار ادا کرے۔حکیم الامت ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ، بلند پایہ مفکر اور عاشق رسول تھے۔انہوں نے عمر بھر نوجوانوں کو علم، جرأت مندی اور تقویٰ کی فکر دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جی ایم ملک، ساجد بھٹی، انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل رضا، جواد حامد، نوراللہ صدیقی، سید امجد علی شاہ، مظہر علوی، ثنائ اللہ خان موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف مسلم لیگ کا نام لیتے ہیں اور علامہ اقبال کو اپنا ہیرو کہتے ہیں جبکہ ان کا سیاسی طور طریقہ غاصبوں ،نازیوں والا ہے۔علامہ اقبال نے معاشی آزادی کیلئے فکر دی تھی جبکہ نواز شریف کی حکومت نے پاکستان کے بچے بچے کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا مقروض کر دیا ہے۔پاکستان بننے سے پہلے غریب مسلمان ہندو بنیے کے مقروض تھے اور آزادی حاصل کرنے کے بعد جدید بنیے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا غلام بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان کو علامہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان بنانے کیلئے انقلاب کا نعرہ بلند کررہے ہیں۔ انشائ اللہ تعالیٰ ہم پاکستان کو اغیار کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔اندھیروں میں ڈوبے ہوئے اقبال کے پاکستان کو روشنی کے سفر پر گامزن کرینگے۔