عدالت عالیہ پشاورنے چترال کے پینسٹھ خاندانوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ دے کر عظیم کارنامہ انجام دیا ،مولانا عبد الاکبر چترالی

بدھ 9 نومبر 2016 20:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء)مولانا عبد الاکبر چترالی نے کہا ہے کہ عدالت عالیہ پشاورنے چترال کے پینسٹھ خاندانوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ دے کر عظیم کارنامہ انجام دیا ہے جس سے چترال میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ مذکورہ خاندان چترالی باشندے تھے اور ہیں۔مرکز اسلامی سے جاری اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاکہ ہم نے وزیر اعظم صدر مملکت اور وزیر داخلہ تک ،ان کیلئے جد و جہد کی تھی تاکہ ان خاندانوں کو ان کا حق مل سکے ۔

(جاری ہے)

آخر کار ان خاندانوں نے عدالت عالیہ کا دروازہ کھٹکھٹایاجس کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ نے ان کو کامیابی دی اور عدالت عالیہ نے ان کی اپیل کومنظور کرتے ہوئے ان کی پاکستانی شہریت بحال رکھی۔جس پر ہم عدالت عالیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور متعلقہ خاندانوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالت عا لیہ کے حالیہ فیصلہ کے بعد یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو گئی ہے کہ عدالتیں اب حکومتی ڈکٹیشن سے آزاد ہیں ۔اوراس فیصلہ سے مظلوم و محرو م لوگوں کو بھی حوصلہ اور اعتماد ملا اور حق پر مبنی اس فیصلہ سے اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو گیا ہے۔