کوئٹہ شہر کو مثالی ،صاف ستھرا بنانا ہمارا وژن اور عزم ہے جس کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں ،میئر میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ

بدھ 9 نومبر 2016 20:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) میئر میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کو مثالی اور صاف ستھرا بنانا ہمارا وژن اور عزم ہے جس کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں جبکہ شہر کے روایتی حسن اور خوبصورتی کی بحالی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ سالڈویسٹ مینجمنٹ پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ، سیکریٹری بلدیات حافظ عبدالماجد، عطاء اللہ بلوچ، میونسپل کمشنر عبداللطیف کاکڑ، کونسلران، چیف انجینئر اسحق مینگل، عبدالحق زہری، عبدالحق اچکزئی، اشفاق بادینی ودیگر حکام بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ نے کہا کہ شہر کی صفائی وستھرائی کے لئے شہر کے 35حلقوں کو تجرباتی طور پر نجی کمپنی کو دیئے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کی کامیابی کی صورت میں پورے شہر کی صفائی ستھرائی کاکام نجی فرم کے حوالے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس طرز کے ٹھیکوں کی بہترین مثالیں اندرون وبیرون ملک موجود ہیں جبکہ 35حلقوں کی نجی فرم کو حوالگی سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو 20سے 30 کروڑ روپے کی بچت بھی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ صفائی مہم کے بعد کوئٹہ شہر صفائی میں اسلام آباد کے بعد دوسرا صاف ستھرا شہر بن گیا تھا جو سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوا مگر وسائل کی کمی کی وجہ سے اس عمل کو برقرار نہیں رکھا جاسکا۔ میئر کوئٹہ نے کہا کہ شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کے لئے جامعہ حکمت عملی اور منصوبہ بندی کی گئی ہے جس میں بروری روڈ، پرنس روڈ، پٹیل روڈ، سرکی روڈ اور سریاب روڈ کی کشادگی شامل ہے جبکہ گولی مار چوک، جی پی او چوک سمیت دیگر رش والی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بہتر کرنے کے لئے انڈر پاسز تعمیرکئے جائیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اس چیز کو یقینی بنانا ہے کہ آگے چل کر یہ پلانٹ بند نہ ہونے پائے جس کے لئے مستقل بنیادوں پر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلے ہوئے شہر کا کریڈٹ سیکریٹری بلدیات ودیگر حکام اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کو جاتا ہے کیونکہ یہ سب مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوا ہے جبکہ اس موقع پر سیکریٹری بلدیات حافظ عبدالماجد نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی بہتری اور صفائی ستھرائی کا کریڈٹ میئر کوئٹہ اور اس کی پوری ٹیم کو جاتا ہے، شہر کی بہتری کے لئے میئر کوئٹہ کا وژن اور عزم قابل تعریف ہے جس مختصر عرصے میں میئر نے شہر کو بدلا ہے یہ صرف ان کی ذاتی دلچسپی سے ممکن ہوا ہے۔

قبل ازیں میئر کوئٹہ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ کا باقاعدہ طور پر افتتاح کیا۔ بعدازاں میئر کوئٹہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ کی مشینری کا معائنہ اور جاری کام کا جائزہ بھی لیا۔

متعلقہ عنوان :