غیر قانونی رقم بیرون ملک بھیجنے پر64 سیاستدانوں ،معروف شخصیات کیخلاف درخواست پر فریقین کے وکلاء مزید بحث کیلئے طلب

بدھ 9 نومبر 2016 20:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء)لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی طور پر رقم بیرون ملک بھیجنے پر64 سیاستدانوں اور معروف شخصیات کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے 19دسمبر کو طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے ترمیمی درخواست جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ 64سیاستدانوں اور معروف شخصیات نے 3سو ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں ایک سو انچاس جائیدادیں خریدیں جبکہ درخواست میں فریق بنائے گئے تمام سیاستدانوں نے بیرون ملک اثاثے بنا کر ملک کو کنگال کیا۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ان سیاستدانوں کی طرف سے بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے پیسے وطن واپس لا کر ملک کی حالت تبدیل کی جا سکتی ہے اور حقیقی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔ فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت19 دسمبر تک ملتوی کر دی۔