کراچی‘ پولیس نے نومولود بچی کو ہسپتال سے اغوائ ‘ فروخت ‘ بچی کے انتقال اور تدفین کا ڈرامہ کرنے اور تاوان طلب کرنے والی ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر ‘ اسٹاف اور ہسپتال مالک کیخلاف مقدمہ درج کر کے مشتبہ اسٹاف کو حراست میں لے لیا

بدھ 9 نومبر 2016 19:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) لانڈھی پولیس نے نومولود بچی کو اسپتال سے اغوائ کرنے ، فروخت کرنے ، بچی کے انتقال اور تدفین کا ڈرامہ کرنے اور تاوان طلب کرنے والی اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر ، اسٹاف اور اسپتال مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے مشتبہ اسٹاف کو حراست میں لے لیا۔ جبکہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارئے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی ایریا 37/Aکی رہائشی خاتون ورشا عرف بشرہ زوجہ وقاص قریشی زچگی کے سلسلے میں 13مئی 2016کو لانڈھی نمبر 1پر واقع سہارا میڈیکل سینٹر و زچہ خانہ میں داخل ہوئی۔ جہاں اس کی بچی پیدا ہوئی۔ بعد ازاں نومولود بچی کے اچانک غائب ہونے پر زچہ مسمات ورشا عرف بشرہ نے لانڈھی تھانے میں پہلے درخواست دی اور بعد ازاں لانڈھی پولیس نے ایف آئی آر نمبر 366/16جرم دفعہ 363/34درج کر کے کاروائی کا آغاز کر دیا۔

(جاری ہے)

مدعیہ ورشا عرف بشرہ نے پولیس کو بتایا کہ بچی کی اسپتال میں پیدائش کے بعد اسپتال انتظامیہ اور لیڈی ڈاکٹر مہوش نے مدعیہ سے کہا کہ ان کی بچی بہت کمزور تھی اور اس کی حالت خراب تھی اس لیے انہوں نے بچی کو جناح اسپتال بھجوا دیا تاہم بچی جناح اسپتال میں انتقال کر گئی۔ لہذٰا بچی کی تدفین کر دی گئی ہے۔ اب آپ صبر کریں۔ تاہم مدعیہ ورشا عرف بشرہ اسپتال انتظامیہ اور لیڈی ڈاکٹر کے موقف سے مطمئن نہیں ہوئی اور برہمی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں مدعیہ اور اس کا شوہر اپنی نومولود بچی کا سراغ لگاتے رہے۔بلا آخر اسپتال کے ایک اسٹاف نے انسانی ہمدردی میں اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی یقین دھانی پر مدعیہ کو بتایاکہ ان کی بچی لیڈی ڈاکٹر مہوش کے پاس ہے اور زندہ ہے۔ اور وہ اسے بھاری رقم کے عوض فروخت کرنے والی ہے۔ پتہ چلنے پر مدعیہ بچی لینے لیڈی ڈاکٹر مہوش کے پاس گئیں تو لیڈی ڈاکٹر اور اس کے شوہر داؤد نے مدعیہ کو دھمکیاں دیں اور کہا کہ اگر بچی لینا ہے تو ڈھائی لاکھ روپے لے آؤ بچی لے جاؤ۔

بعد ازاں پولیس نے مقدمہ درج کر کے کاروائی کا آغاز کرتے ہوئے اسپتال کے مشتبہ اسٹاف کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی جبکہ نامزد ملزمان لیڈی ڈاکٹر مہوش ، اس کا شوہر داؤد اور اسپتال مالک کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :