مفکر پاکستان علامہ محمد ا قبال کا یوم ولادت قومی جوش وجذبے سے منایا گیا

بدھ 9 نومبر 2016 19:48

اسلام باد ۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) حکیم الامت وشاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کا 139 واں یوم ولادت بدھ کو ملک بھر میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، علامہ ڈاکٹر محمد اقبال ؒ 9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، مذکورہ دن کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت سمیت تمام ڈویژنل، ضلعی ہیڈ کوارٹرز، نظریہ پاکستان ٹرسٹ، تحریک پاکستان ورکر ٹرسٹ ،علامہ اقبال لورز فیڈریشن اور مختلف سیا سی و سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقاریب ، کانفرنسز ، سیمینارز ، مذاکرے ،مباحثے اور تقریری مقابلوں کے پروگرام منعقد ہوئے جن میں شاعر مشرق کی تحریک پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ، اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے اقبال کو رہنما بنایا جائے کیونکہ اقبالؒ کی تعلیمات ہماری رہنمائی ہی نہیں کرتیں بلکہ ہمارے عہد کے مسائل کا حل بھی پیش کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ فکر اقبال سے رہنمائی حاصل کرکے جنوبی ایشیاء کے خطہ کو علاقائی امن کی بنیاد بنایا جا سکتا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی فکر سے وابستگی کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں جمہوری فلاحی مملکت بنائیں۔ علاوہ ازیں علامہ اقبال ؒ کے یوم ولادت کے حوالے سے مرکزی تقریب شاعر مشرق کے مزار پر منعقد ہو ئی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیااور کیڈٹس کی تبدیلی ہو ئی ، یوم اقبال کے موقع پر اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آٖ ف دی آرٹس اور نظریہ پاکستان کونسل اسلام آباد میں تقربات منعقد ہوئیں جن کے مہمان خصوصی معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان عرفان صدیقی تھے ۔

نظریہ پاکسان کونسل میں ہونے والی تقریب کا موضوع اقبال اور فکر اسلامی تھا ۔ اس تقریب میں مقررین نے کہا کہ اقبال نے اپنے اشعار وافکار میں حریت ، آذادی اور خود داری کا واضح پیغام دیا ہے جس پر ہیمیں آج بھی کاربند رہنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر مساجد میںفجر کی نماز کے بعد علامہ اقبال کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ہوئی اورملکی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر اخبارات اور جرائد نے خصوصی ایڈیشن شائع کئے جن میں قیام پاکستان اور برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنے میں علامہ اقبال کی کوششوں اور کردار کے علاوہ ان کی شاعری پر بھی روشنی ڈالی گئی جبکہ الیکٹرانکس میڈیا نے علامہ محمد اقبال کی شخصیت ، تعلیمات اور شاعری کے بارے میں خصوصی پروگرامز، مذاکرے، کلام اقبال اور دستاویزی فلمیں وغیرہ نشر کیں ۔

متعلقہ عنوان :