عوامی نیشنل پارٹی کا ہائیکورٹ پشاور میں صوبائی حکومتکی سی پیک کے حوالے سے دائر رٹ کی مخالفت پختون دشمنی کا کھلم کھلا ثبوت ہے،پی ٹی آئی ضلع مردان کے صدر اور رکن صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی

بدھ 9 نومبر 2016 19:48

تخت بھائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) پی ٹی آئی ضلع مردان کے صدر اور رکن صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کا ہائیکورٹ پشاور میں صوبائی حکومت کا سی پیک کے حوالے سے دائر کردہ رٹ کی مخالفت پختون دشمنی کا کھلم کھلا ثبوت ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی تو ایک طرف پختونوں کی حقوق اور خپلہ خاورہ خپل اختیار کے نام پر قوم سے ووٹ لے رہی ہے تو دوسری طرف ان کے مفادات کا غیروں کے ساتھ سودا کر کے قوم کو اندھیروں کی طرف جان بوجھ کر دھکیل رہی ہے۔

انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ووٹ مانگنے کا وقت آجاتا ہے تو عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین پختونوں کے حقوق کی بلند و بالا دعوے کر تے ہیں۔ اور پھر میدان سے ایسے غائب ہو جاتے ہیں کہ بیچارے عوام کو ایک جھلک تک دیکھنے کو نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پختونوں کے اعتماد کے ساتھ کھلوار کر کے ان کے مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے۔

جس کی زندہ مثال پچھلے دنوں پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے پاکستان چائنا اکانمک کاریڈور کے مغربی روٹ کی تعمیر کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تو اے این پی نے دوسری اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر ہمارا ساتھ نہیں دیا۔ صوبے کی تمام سیاسی پارٹیا جانتی ہیں کہ سی پیک کے پرانے نقشے کے مطابق مغربی روٹ تعمیر ہونی تھی جس میں تبدیلی کر کے وفاقی حکومت نے صرف پنجاب کو نوازنے کی کوشش کی جو کہ صوبے کے عوام کے ساتھ سرا سر نا انصافی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اس معاملے میں عدالت سے رجوع کیا تو دیگر مفاد پرست سیاسی پارٹیوں کے علاوہ پختونوں کے دم بھرنے والے عوامی نیشنل پارٹی نے بھی اس رٹ کی مخالفت کر دی جو کہ پختونوں کے ساتھ سرا سر دھوکہ اور نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام خپلہ خاورہ خپل اختیار کے بوگس نعرے لگانے والوں کی مکروہ چہروں سے واقف ہو چکے ہیں۔ اور آئندہ عام انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو چن کر سرخ سیلاب کے نام پر ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کو سبق سکھائے گی۔