دیہی علاقوں میں سپورٹس کے منصوبے جلد ازجلد مکمل کئے جائیں‘ذوالفقار احمد گھمن

شہری عوام کی طرح سپورٹس دیہی عوام کا بھی حق ہے، پنجاب حکومت دیہات میں بھی سپورٹس کی جدید اور بہترین سہولتیں فراہم کررہی ہے‘ڈی جی سپورٹس پنجاب

بدھ 9 نومبر 2016 19:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ شہری عوام کی طرح سپورٹس دیہی عوام کا بھی بنیادی حق ہے، پنجاب حکومت دیہات میں بھی سپورٹس کی جدید اور بہترین سہولتیں فراہم کررہی ہے، دیہی علاقوں سے نوجوان سپورٹس کے میدان آئیں اور اپنا مستقبل روشن بنائیں، سپورٹس بورڈ پنجاب ان کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریگا، دیہی عوام کی سہولت کیلئے دیہات میں سپورٹس کے سینکڑوں منصوبے شروع کئے گئے ہیں، ان منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کرکے عوام کو جلد ازجلد سپورٹس کی سہولتیں دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز لاہور کے مضافات کے دیہی علاقوں پانڈوکی، بدوکی، آصل سلیمان اور روڑہ میں زیر تعمیر سپورٹس منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقاص اکبر، چیف انجینئر منیر میر اور محکمہ بلڈنگ کے افسران بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکمے کے افسران اور ٹھیکیداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کیا جائے تاکہ دیہی عوام کو سپورٹس کی سہولتیں میسر آ سکیں۔

انہوں نے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران اور ٹھیکیداروں کو حکم دیا کہ تعمیراتی کاموں میں میٹریل کی کوالٹی کا خصوصی خیال رکھا جائے اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے، انہوں نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ مقررہ وقت تک منصوبے مکمل نہ کرنیوالوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دیہی عوام کو بھی سپورٹس کی جدید ترین سہولتیں فراہم کررہی ہے، سپورٹس دیہی عوام کا بھی بنیاد ی حق ہے۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے پانڈوکی میں کرکٹ گرائونڈ، اوپن جم، پویلین اوپن گیمز، فلڈ لائٹس، ٹریک، روڑہ میں کرکٹ گرائونڈ، ٹریک ، بدوکی میں اوپن جم، اوپن سپورٹس ، آصل سلیمان میں کرکٹ گرائونڈ، ٹریک کے زیر تعمیر منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :