نجی شعبہ معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، سی پیک پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ایک نیا رجحان پیدا کر رہا ہے، یورپ کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی رینالٹ سمیت غیر ملکی سرمایہ کار اب پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں،

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی اسلام آباد چیمبر وفد سے بات چیت

بدھ 9 نومبر 2016 18:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نجی شعبہ معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں زیادہ سے زیادہ شرکت کیلئے کوششیں تیز کرے تا کہ اس تاریخی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر ملک کیلئے فائدہ مندنتائج حاصل کئے جا سکیں۔

سی پیک پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ایک نیا رجحان پیدا کر رہا ہے کیونکہ یورپ کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی رینالٹ سمیت بہت سے غیر ملکی سرمایہ کار اب پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ چین کی اعلیٰ سطح کی قیادت نے متعدد اجلاسوں میں سی پیک کے ذریعے پاکستان میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے لہذا ہمیں ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس سے چین کی خیر سگالی متاثر ہو۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سی پیک میں زیادہ سے زیادہ جوائنٹ وینچرز اور پارٹنرشپ کیلئے کوشش کرے اور اس مقصد کیلئے ٹیکنالوجی و مشینری کو اپ گریڈ کرنے پر توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ لیبر کی اجرت زیادہ ہونے کی وجہ سے چین اب کم اجرت والے ممالک کی طرف اپنے صنعتیں منتقل کرنے کا سوچ رہا ہے لہذا پاکستان کیلئے یہ اچھا موقع ہے کہ چین کے صنعتکاروں کو یہاں صنعتیں لگانے پر آمادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے پاس جدید ٹیکنالوجی اور مہارت ہے جبکہ ہمارے پاس سستی اور بہترین افرادی قوت ہے لہذا دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شراکتوں کے عمدہ مواقع موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری چین کے ساتھ تجارت و کاروبار کو فروغ دینے کیلئے چین کے امپورٹ سٹرکچر اور کاروباری طریقوں کو اچھی طرح سمجھنے کی کوشش کرے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نجی شعبہ انڈسٹریل ایفیشنسی، کم قیمت پر اعلیٰ مصنوعات تیار کرنے اور پیداوار کو بہتر کرنے پر توجہ دے کیونکہ اعلیٰ کوالٹی، مسابقت اور جدت پسندی کو اپنا کر ہی وہ شدید مقابلے کے موجودہ کاروباری ماحول میں آگے بڑھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ اسلام آباد چیمبر ایک تھنک ٹینک بنائے جو برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے نئی حکمت عملی پر کام کرے اور اپنی تجاویز حکومت کو دے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مضبوط انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کو فروغ دے کر پاکستان کو نالج اکانومی بنانا چاہتی ہے اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کے قیام اور انٹرنیشنل سطح پر کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرے گی۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ سے پاکستان کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس منصوبے کے بارے میں نجی شعبے کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کرے اور مقامی تاجر برادری کو اس منصوبے میں کاروباری شراکتوں و سرمایہ کاری کے مساوی مواقع فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی صنعت کو ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن میں مدد کرے اور صنعتی مشینری کی درآمد پر عائد ڈیوٹی کم کرے جس سے صنعتوں کی اپ گریڈیشن میں مدد ملے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، خالد جاوید، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، محمد اعجاز عباسی، شیخ عامر وحید، محمد زکریا اے ضیا، نعیم صدیقی، خالد چوہدری، محمد حسین اور چوہدری مظہر حسین بھی وفد میں موجود تھے۔