لاہور ، شاعر مشرق علامہ اقبال کا139واں یوم پیدائش عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا

مزار قبال پر گارڈز کی تبدیلی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی مزار پر حاضری و فاتحہ خوانی

بدھ 9 نومبر 2016 18:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) شاعر مشرق علامہ اقبال کا139واں یوم پیدائش روایتی جوش وجذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں شہر بھر میں مختلف تقاریب، سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ اس حوالے سے ڈاکٹر علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں پاک بحریہ کے دستے نے سلامی پیش کی اور گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

اقبال ڈے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ڈاکٹر علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل، ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان بھی موجودتھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈاکٹر علامہ اقبال کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کرنے کے بعد مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات کا اندراج کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملکی سلامتی خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کرائی گئی۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دینے والوں میں اعلیٰ فوجی حکام، سول بیوروکریٹس، سول سوسائٹی کے افراد سیاسی رہنمائوں تحریک پاکستان کے کارکنان ادیبوں اور شاعروں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے حاضری دی اور دعا کی مختلف عوامی حلقوں کی جانب سے جن میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباوطالبات کے وفود شامل تھے۔

مزار اقبال پر حاضری دی اور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ اقبال ڈے کے حوالے سے اسلامیہ کالج برائے خواتین کینٹ میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں ڈاکٹر علامہ اقبال کے نواسے اقبال صلاح الدین کے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علامہ اقبال کے نواسے اقبال صلاح الدین نے کہا کہ پوری قوم کو شاعر مشرق کے خودی کے فلسفے کو اپنانا چاہیے۔ اقبال کا فلسفہ پوری قوم کے مسائل سے نجات کا فلسفہ ہے۔ اس موقع پر کالج کی طالبات نے کلام اقبال پیش کیا۔ اس قسم کی تقاریب مختلف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں سمیت ادبی تنظیموں کے زیر اہتمام منعقد کی گئیں جن میں مقررین نے اقبال کے فلسفہ خودی پر روشنی ڈالی۔(اے ملک)