گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی مزار اقبالؒ پر حاضری ‘ پھولوں کی چادر چڑھائی

بدھ 9 نومبر 2016 17:43

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے بدھ کو شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے 139ویں یوم ولادت کے موقع پر مزار اقبالؒ پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، انہوں نے پاکستان کا خواب دیکھنے والے اس عظیم مفکر کی یاد میں کچھ دیر خاموشی اختیار کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر گورنر پنجاب نے مزار اقبالؒ پر موجود مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کرتے ہوئے انہیں زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا،گورنرنے اپنے پیغام میں کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری اور علوم کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں احساس آزادی بیدار کیا اور ان میں ایک ایسی روح پھونکی کہ سات سال کے عرصے میں جنوبی ایشیا کے مسلمان اپنا وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، گورنر نے کہا کہ اس مملکت خداد اد کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی اور خوشحال مملکت بنانے کیلئے آج بھی انہی جذبہ کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں علامہ اقبالؒ کا کلام مشعل راہ ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اقبالؒ کے تصورات خصوصا فلسفہ خودی سے آشنا کرنے کی ضروت ہے۔