پاکستان کا کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ پر بھارت سے شدید احتجاج ، پاکستان میں تعینات بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی،احتجاجی مراسلہ حوالے

بدھ 9 نومبر 2016 16:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) پاکستان نے بھارتی فورسز کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ بدھ کو پاکستان میں تعینات بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنہا کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور 8 نومبر کو بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بٹل اور خیراتا سیکٹرز میں بلا اشتعال سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا ۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء و سارک ڈیسک نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور 8 نومبر کو ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے چار بے گناہ سویلین کی شہادت اور دیگر سات کے زخمی ہونے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق رواں سال کے دوران بھارت نے سیز فائر کی 222 مرتبہ خلاف ورزیاں کی ہیں جن میں 184 ایل او سی اور 38 خلاف ورزیاں ورکنگ بائونڈری پر ہوئیں۔

بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں اب تک 26 سویلین شہید اور 107 زخمی ہو چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات سے پاکستان کو آگاہ اور دانستہ دیہاتوں کو نشانہ بنانے سے گریز کرے۔ اس کے علاوہ بھارت ایل او سی پر امن برقرار رکھے۔