پاکستان سپر لیگ کو لمیٹڈکمپنی بنادیا:شہریار خان ، زیادہ ڈائریکٹرز پی سی بی کے ہونگے :نجم سیٹھی

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 8 نومبر 2016 22:27

پاکستان سپر لیگ کو لمیٹڈکمپنی بنادیا:شہریار خان ، زیادہ ڈائریکٹرز ..

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار8نومبر۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کی گورننگ باڈی نے پاکستان سپر لیگ کو پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنی میں بدلنے کی منظوری دے دی ہے ۔ قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی گورننگ باڈی نے پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی منظوری دے دی ہے تاہم اس کے زیادہ ڈائریکٹرز پی سی بی کے ہی ہونگے اور یہ کمپنی بورڈ کی نگرانی میں کام کرے گی کیوں کہ دنیا کے زیادہ تر بورڈ پرائیویٹ سیکٹرز کے ہیں۔

شہریار خان کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا،اللہ کا شکر ہے کہ ٹیم کی کارکردگی بہتر رہی ہے ،ایم سی سی نے خط لکھ کر ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی ہے ،ویسٹ انڈیز کیخلاف جیت پر ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ،آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز مشکل ہوگی،پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا اگلا اجلاس جنوری 2017ء میں کراچی میں ہوگا ،لٹل ماسٹرحنیف محمد کے نام پرگراؤنڈیایادگاربنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے چیئر مین نجم سیٹھی نے ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپر لیگ کی فرنچائزز کو پی ایس ایل کے فیصلوں میں شامل کرنے کیلئے پرائیوٹ کمپنی بنائی،پی سی بی کے باہر سے 2 عہدیدار لیے ہیں جب کہ 5 عہدیداروں کا تعلق پی سی بی سے ہے ،کمپنی کے 7 رکنی بورڈ میں پی سی بی کی طرف سے نجم سیٹھی، منصور مسعود ،شکیل شیخ اور باہر سے عارف حبیب اور ضیاء رضوی کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف فائنانس آفیسر کی تعیناتی کیلئے کمپنی کا بورڈ فیصلہ کریگا۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی اجلاس میں بھارتی بورڈ کے سربراہ انوراگ ٹھاکر کو ان کے پاکستان کرکٹ مخالف بیانات کا ریکارڈ لے کر گئے تھے جہاں ہم نے ان سے آفیشل بیان دینے کا کہا جس پر وہ خاموش رہے۔