ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کیلئے تاریخ کااعلان کردیا گیا

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 8 نومبر 2016 22:27

ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کیلئے تاریخ کااعلان کردیا ..

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار4نومبر۔2016ء ) قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے آل راؤنڈر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کے دوبارہ معائنے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو درخواست دی تھی جس کے بعد اب آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 36سالہ کرکٹر کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ 17نومبر کو برسبین میں ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 50 ٹیسٹ، 177 ون ڈے 77 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے 36 سالہ محمد حفیظ کو 2014 ء سے باؤلنگ ایکشن میں مشکلات کا سامنا ہے اور جولائی 2015 ء میں ان پر ایکشن دوسری بار غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ کروانے پر 1 سال کی پابندی لگادی گئی تھی۔پی سی بی نے آل راؤنڈر کے انگلینڈ میں باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ سے قبل، انکا ایکشن درست کرانے کے لیے باؤلنگ کوچ کارل کرووے کی خدمات حاصل کی تھیں تاہم حفیظ نے فٹنس مسائل کے باعث ٹیسٹ نہ کرانے کا فیصلہ کیا۔محمد حفیظ کو انجری اور فارم میں نہ ہونے کے باعث رواں ماہ نیوز لینڈ کیخلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :